Entertainment

فلموں میں ایسے مناظر کو خصوصی اہمیت دیتی ہوں جو نیا چیلنج ثابت ہوں، کریتی سینن

فلموں میں ایسے مناظر کو خصوصی اہمیت دیتی ہوں جو نیا چیلنج ثابت ہوں، کریتی سینن
۱ منٹ پہلے

بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلموں کا انتخاب کرتے وقت ایسے مناظر کو خصوصی اہمیت دیتی ہیں جو اداکاری کے حوالے سے ان کے لیے نیا چیلنج ثابت ہوں۔

 

کریتی سینن کا کہنا ہے کہ وہ ہر فلم میں کم از کم ایک ایسا منظر ضرور تلاش کرتی ہیں جسے دیکھ کر خود ان کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہو کہ کیا وہ اسے کامیابی سے ادا کر پائیں گی۔ ایسے مناظر انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور بطور اداکارہ اپنی حدود سے آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

 

حالیہ گفتگو کے دوران کریتی سینن سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی کردار کی کہانی سننے کے بعد انہیں اسے ادا کرنے میں دشواری یا خوف محسوس ہوا؟ اداکارہ نے جواب دیا کہ انہیں ایسے مناظر کرنا پسند ہیں جن میں کچھ مختلف کرنے کا موقع ملے، خصوصاً جذباتی شدت سے بھرپور فلموں میں۔

 

کریتی سینن نے اپنی 2024 کی فلم ’دو پتی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک مشکل منظر کا ذکر کیا، جس میں انہیں سومیا اور شیلی کے دو مختلف کردار ادا کرنا تھے۔

 

اداکارہ کے مطابق اس منظر میں سومیا جذباتی طور پر ٹوٹ جاتی ہے اور اپنی شناخت اور والدہ کی یادوں کے درمیان الجھ جاتی ہے، جبکہ شیلی کا کردار بھی اسی منظر میں موجود ہوتا ہے۔ دونوں کردار کسی دوسرے اداکار کے بغیر خود ادا کرنے کی وجہ سے منظر کی عکس بندی کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی اور مشقیں کرنا پڑیں۔

 

کریتی سینن نے بتایا کہ منظر کو حقیقت کے قریب بنانے کے لیے انہیں دونوں کرداروں کی حرکات، اشاروں اور ایک دوسرے کے ساتھ ردعمل کا پہلے سے تعین کرنا پڑا۔

 

اداکارہ کا کہنا ہے کہ ایسے مشکل مناظر کو ادا کرنے کا طریقہ تلاش کرنا ہی انہیں بطور اداکارہ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔

 

کریتی سینن مختلف موضوعات اور اصناف کی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جن میں ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ اور ’دو پتی‘ شامل ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں