لاہور: پولیس نے مولانا فضل الرحمٰن کی قیام گاہ کا محاصرہ کر لیا، نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت
پنجاب پولیس کی بھاری نفری نے لاہور کے علاقے چوہنگ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ کرکے ان کی نقل و حرکت محدود کردی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو آج ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا ہے۔
جے یو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے، تاہم پولیس نے ان کی قیام گاہ کے باہر اہلکار تعینات کرکے انہیں باہر آنے سے روک دیا ہے اور نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے مطابق پولیس نے ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھاری نفری تعینات کرنے کے ساتھ مرکزی دروازے پر کنٹینر بھی رکھ دیا ہے، جبکہ سوسائٹی کے رہائشیوں کو بھی آمدورفت سے روک دیا گیا ہے۔
جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، انہیں رہائش گاہ سے باہر آنے سے روکنا بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن کسی سیاسی رہنما کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں۔ پولیس فوری طور پر تمام رکاوٹیں ختم کرکے مولانا فضل الرحمان کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دے۔
جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار نے رات گئے جمعیت علمائے اسلام کے ذمہ داران کی گرفتاریوں اور پنجاب حکومت کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور احمقانہ قرار دیا۔
حافظ نصیر احمد احرار نے کہا کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے، ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان ہماری ریڈ لائن ہیں۔