بلوچستان حکومت کا بی ایل اے کے موجودہ اور سابق سربراہ سے متعلق معلومات پر 25 کروڑانعام کا اعلان
بلوچستان حکومت نے انتہائی مطلوب عسکریت پسندوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے کروڑوں روپے کے نقد انعامات کا اعلان کردیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے نئے سربراہ رحمان گل اور سابق سربراہ بشیر زیب کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے پر 25 کروڑ روپے کا انعام مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر انتہائی مطلوب افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر بھی 5 لاکھ روپے سے لے کر کروڑوں روپے تک کے انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔
بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی، جبکہ انعامی رقم کی ادائیگی صوبائی حکومت کے مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت کی جائے گی۔
رواں ماہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے رحمان گل عرف مرید بلوچ کو تنظیم کا نیا کمانڈر ان چیف منتخب کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رحمان گل کو بشیر زیب بلوچ کی جگہ تنظیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جنہیں عہدے سے ہٹانے کا اعلان کالعدم تنظیم نے نومبر کے اوائل میں کیا تھا۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ نئے کمانڈر ان چیف کے انتخاب تک تمام انتظامی، عسکری اور پالیسی سازی کے اختیارات سینیئر کمانڈ کونسل کے سپرد کردیے گئے ہیں۔
رحمان گل کے انتخاب سے متعلق کالعدم تنظیم کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر جاری مختصر بیان میں کہا تھا کہ وہ اس سے قبل تنظیم میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور کمانڈر ان چیف بننے سے پہلے سینیئر کمانڈ کونسل کے رکن اور مجید بریگیڈ کے کمانڈر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔