Pakistan

جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا، مریم نواز

جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا، مریم نواز
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب انہوں نے وزارت اعلیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالیں تو انہیں ایسا پنجاب ملا جہاں گزشتہ حکومت میں جادو ٹونے، جھاڑ پھونک اور مؤکلوں کے ذریعے صوبہ چلایا جا رہا تھا، تاہم گزشتہ ایک ہزار دنوں میں پنجاب میں نمایاں کام کیا گیا ہے۔

 

راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب آج اس مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں ہزاروں ٹن کوڑا اٹھانے کے بعد اسے ضائع کرنے کے بجائے توانائی اور آمدن کا ذریعہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کی کوشش ہے کہ کوڑے سے بائیو گیس تیار کی جائے اور آئندہ ایک ہزار دنوں میں اس منصوبے کو عملی شکل دی جائے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ستھرا پنجاب منصوبے نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے اور صوبے بھر کے شہروں میں تقریباً 2 لاکھ اہلکار صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس منصوبے کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی کامیابی کے بعد ستھرا آزاد کشمیر، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی ستھرا پنجاب کی طرز پر صاف ستھرا خیبرپختونخوا کے نام سے منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

 

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ کوڑے سے توانائی پیدا کرنے اور اسے معاشی فائدے کا ذریعہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں گی اور آئندہ ایک ہزار دنوں میں بھی کام کی رفتار رکنے نہیں دیں گی۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں کی محنت اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی ویڈیوز شوق سے دیکھتی ہیں، خصوصاً جب نوجوان لیپ ٹاپس کی ان باکسنگ کرتے ہیں تو انہیں بہت خوشی ہوتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے بچوں کی محنت، تعلیمی نتائج اور کامیابیوں کو نہ صرف سراہتا ہے بلکہ انہیں سلام پیش کرنے کے ساتھ گارڈ آف آنر بھی دیتا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں