کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو بھارت سے مالی معاونت مل رہی ہے، طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر میں انتشار پھیلا رہی ہے اور اسے بھارت سے مالی معاونت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد سے تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں کی گئی ہیں، جبکہ آزاد کشمیر میں اسلحہ پہنچانے کے الزام میں 3 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تحریک حقوق کی تحریک نہیں ہے۔ حکومت کمیٹی کے 37 مطالبات پورے کرچکی ہے، تاہم اس کے باوجود اس کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
وزیر مملکت نے الزام لگایا کہ امتیاز اسلم کالعدم کمیٹی کی کور کمیٹی کا رکن ہے اور قیادت میں رابطہ کاری کی ذمہ داریاں انجام دیتا ہے۔ گرفتار افراد سے تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مزید گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ کشمیر میں اسلحے کی مبینہ ترسیل کے معاملے میں 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے ماجد، ضیا اور کمیٹی کے کارکن اصغر پر بھی اسلحے کی مبینہ ترسیل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کے ذریعے انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کو خود کرنا چاہیے، تاہم ان کے بقول کمیٹی نہیں چاہتی کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق ملیں۔
بھارتی فنڈنگ اور اسلحے کی ترسیل سے متعلق الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔