سال کے دوسرا سپر مون آج ہوگا، پاکستان میں رات 7 بج کر 53 منٹ پر نظر آئے گا
رواں سال کے دوسرے سپر مون کا نظارہ آج 24 نومبر کو کیا جاسکے گا۔ اس موقع پر چاند ستاروں کے مشہور جھرمٹ سیون سسٹرز کے قریب سے گزرے گا، جس سے رات کے آسمان پر ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ پاکستان میں چاند رات 7 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا۔
نومبر کے مکمل چاند کو روایتی طور پر بیور مون کہا جاتا ہے، جبکہ زمین سے کم فاصلے کے باعث اسے سپر مون بھی قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان ٹوڈے اور فلکیاتی مظاہر سے متعلق ویب سائٹ ٹائم اینڈ ڈیٹ کے مطابق چاند 24 نومبر کو گرین وچ معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بج کر 53 منٹ بنتا ہے۔
پاکستان میں چاند رات کے وقت مکمل ہوگا، تاہم اس کا نظارہ کرنے کے لیے مقررہ وقت کا انتظار ضروری نہیں، شہری چاند طلوع ہونے کے بعد ہی اسے دیکھ سکیں گے۔
چاند زمین کے گرد بیضوی مدار میں گردش کرتا ہے اور اس مدار میں زمین سے قریب ترین مقام کو پیریجی کہا جاتا ہے۔ جب مکمل چاند اس مقام کے قریب ہوتا ہے تو اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔
اس فلکیاتی مظہر کے دوران چاند عام مکمل چاند کے مقابلے میں قدرے بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے، تاہم یہ فرق عموماً زیادہ نمایاں نہیں ہوتا۔ افق کے قریب چاند غیر معمولی طور پر بڑا محسوس ہوتا ہے، جس کی وجہ مون الیوژن نامی بصری تاثر ہے۔
پاکستان میں سپر مون کے بہتر نظارے کے لیے غروب آفتاب کے بعد مشرقی آسمان کی جانب دیکھنا مناسب ہوگا۔ افق کے قریب چاند کی جسامت زیادہ محسوس ہونے کے باعث طلوع قمر کے وقت اس کا نظارہ دلچسپ ہوسکتا ہے۔
کراچی میں 24 نومبر کو چاند شام تقریباً 5 بج کر 18 منٹ پر طلوع ہوگا، جبکہ دیگر شہروں میں طلوع قمر کے اوقات مختلف ہوسکتے ہیں۔ بہتر نظارے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے جہاں مشرقی افق واضح ہو، عمارتیں اور درخت رکاوٹ نہ بنیں اور مصنوعی روشنی بھی کم ہو۔
اس فلکیاتی منظر کو دیکھنے کے لیے کسی خصوصی دوربین یا آلات کی ضرورت نہیں، صاف آسمان کی صورت میں چاند عام آنکھ سے واضح دکھائی دے گا، تاہم اس کی تیز روشنی کے باعث قریب موجود کم روشن ستاروں کو دیکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔
دنیا کے مختلف خطوں میں مقامی وقت اور تاریخ کے لحاظ سے مکمل چاند کے اوقات مختلف ہوں گے۔ نیویارک میں چاند 24 نومبر کو صبح 9 بج کر 53 منٹ، لاس اینجلس میں صبح 6 بج کر 53 منٹ اور برطانیہ میں دوپہر 2 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا۔
فرانس، جرمنی اور وسطی یورپ کے دیگر علاقوں میں چاند سہ پہر 3 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا، جبکہ آسٹریلیا کے شہروں سڈنی اور میلبورن میں یہ وقت 25 نومبر کی رات ایک بج کر 53 منٹ ہوگا۔
نومبر کے مکمل چاند کو بیور مون کہنے کی روایت شمالی امریکا میں موسموں سے متعلق قدیم اصطلاحات سے جڑی ہے۔ سال کے اس حصے میں بیور سردیوں کی آمد سے قبل اپنے ٹھکانے اور بند تعمیر کرنے کی تیاری کرتے ہیں، اسی مناسبت سے نومبر کے مکمل چاند کو یہ نام دیا گیا۔
شمالی نصف کرے کے بیشتر علاقوں میں نومبر کے دوران سردی بڑھنے لگتی ہے۔ ماضی میں موسم کی اس تبدیلی کو شکار، جانوروں کو پکڑنے اور دیگر بیرونی سرگرمیوں کے لیے بھی اہم سمجھا جاتا تھا۔
مختلف ثقافتوں اور خطوں میں موسمی تبدیلیوں کی مناسبت سے نومبر کے مکمل چاند کو فروسٹ مون یعنی پالے کا چاند اور فریزنگ مون بھی کہا جاتا ہے۔ سال کے اس حصے میں شدید سردی، کہر اور برف باری کا آغاز ہوتا ہے اور فطرت سردیوں کے طویل موسم کے لیے تیار ہو رہی ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق آج رات آسمان صاف ہونے کی صورت میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں شہری مکمل چاند کا نظارہ کرسکیں گے، تاہم بادلوں، بارش اور مقامی موسمی حالات کے باعث چاند کی واضح جھلک دیکھنے کے مواقع متاثر ہوسکتے ہیں۔