Pakistan

فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے دفاعی اداروں کے ہال آف فیم میں شامل

فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے دفاعی اداروں کے ہال آف فیم میں شامل
۱ منٹ پہلے

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس سٹڈیز سینٹر اور آرمڈ فورسز سٹاف کالج کے ہال آف فیم میں بطور رکن شامل کرلیا گیا ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پائیدار دوستی کا عکاس ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل کی پُرعزم قیادت اور قومی دفاع سے ان کی غیر متزلزل وابستگی قابل تحسین ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار کے تناظر میں یہ اعزاز نہایت موزوں ہے۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ یہ اعزاز مسلح افواج کے ان بہادر مرد و خواتین کے نام ہے جن کی جرأت، لگن اور قربانیاں وطن کی حفاظت یقینی بناتی ہیں۔ یہ اعزاز پاکستانی عوام کے نام بھی ہے جن کی ثابت قدمی اور حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

 

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ہال آف فیم میں شمولیت پر دلی مبارک باد پیش کی ہے۔

 

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہال آف فیم میں شمولیت پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ یہ اعزاز ان کی مثالی قیادت، تزویراتی بصیرت اور قومی خدمات کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں