پاکستان کے خلاف 2018 کے دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کے بال ٹیمپرنگ منصوبے کا انکشاف
آسٹریلوی کرکٹ کا بال ٹیمپرنگ سکینڈل ایک بار پھر خبروں میں آگیا ہے، کیپ ٹاؤن سکینڈل کے صرف 6 ماہ بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بال ٹیمپرنگ کی ایک اور مبینہ کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔
ایک تحقیقاتی رپورٹ میں اکتوبر 2018 میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کے مبینہ منصوبے کا انکشاف کیا گیا ہے، جس کے تحت منٹس کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر گیند پر منٹس استعمال کرنے کے حوالے سے ایک دوسرے سے مشاورت کی، تاہم ٹیم میں شامل ایک نئے کھلاڑی نے اس منصوبے پر اعتراض کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ہم دوبارہ وہی حرکت کرنے جا رہے ہیں؟
تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دبئی ٹیسٹ کے دوران ایک متبادل فیلڈر کو مبینہ طور پر منٹس لینے کے لیے ڈریسنگ روم بھیجا گیا، تاہم آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے مداخلت کرتے ہوئے متبادل فیلڈر کو واپس بھیج دیا۔
رپورٹ کے مطابق سابق آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر کھلاڑیوں کے مبینہ اقدام پر شدید برہم ہوئے اور انہیں سخت پیغام دیا۔ ٹم پین نے سپورٹ سٹاف کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی کپتانی میں منٹس کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل نہیں کی جائے گی۔
کیپ ٹاؤن میں سینڈ پیپر سکینڈل کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے کھلاڑیوں کے میدان میں ٹافیاں لے جانے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔
نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر کے علاوہ دیگر طریقوں سے بھی بال ٹیمپرنگ کی روایت موجود تھی۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔