پنجاب میں 2021 سے 2025 تک ایک لاکھ سے زائد خواتین کی گمشدگی کے کیس رپورٹ
پنجاب میں 2021 سے 2025 تک ایک لاکھ سے زائد خواتین کی گمشدگی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، آئی جی پنجاب نے اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ پیش کردی۔
آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ رواں سال 2026 میں 21 ہزار 956 خواتین کے لاپتا ہونے کے کیس رپورٹ ہوئے، جن میں سے ایک ہزار 781 کیس تاحال حل طلب ہیں، جبکہ خواتین کی گمشدگی کے سب سے زیادہ کیس لاہور میں رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 2021 سے 2025 تک کے 5 سالہ عرصے کے دوران ایک لاکھ سے زائد خواتین کے لاپتا ہونے کے کیس درج ہوئے۔
آئی جی پنجاب کی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے عدالت نے سوال کیا کہ ایک ہزار 87 خواتین کو اب تک کیوں بازیاب نہیں کرایا گیا؟
عدالت نے لاہور پولیس کی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے تبدیل کرنے اور خواتین کی بازیابی کے کیسز میں خواتین پولیس افسران تعینات کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔