Pakistan

وزیراعظم سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے وفاق کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے وفاق کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن، ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

 

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

 

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر سکیورٹی فورسز اور صوبائی پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

 

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم سمیت سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

 

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں