پنجاب اسمبلی میں ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ترمیمی بل منظور، خواتین کے تحفظ سمیت 4 قراردادیں متفقہ منظور
پنجاب اسمبلی نے پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ترمیمی بل 2026 منظور کرلیا، جبکہ متعدد دیگر بل ایوان میں پیش کیے گئے۔ اجلاس میں قدیم ہسپتال کی بحالی، خواتین کے تحفظ، طالبات کے لیے ماہواری کے دوران حفظان صحت کی سہولیات اور مقدس ہستیوں کی توہین پر سزا میں اضافے سے متعلق 4 قراردادیں بھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔
حکومتی رکن طارق سبحانی نے دی یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایمرجنگ سائنسز لاہور ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کیا، جبکہ حکومتی رکن راجہ شوکت بھٹی نے پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ترمیمی بل پیش کیا۔
رکن اسمبلی رانا محمد ارشد نے دی والڈ سٹی یونیورسٹی بل 2026 بھی آؤٹ آف ٹرن ایوان میں پیش کیا۔ پینل آف چیئرپرسن کے رکن ملک ارشد نے والڈ سٹی یونیورسٹی بل سمیت متعلقہ بل دو ماہ کے لیے متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردیے۔
پنجاب اسمبلی نے منڈی بہاؤالدین میں 1941 سے قائم قدیم ہسپتال کی انتظامی حیثیت فوری بحال کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد رکن اسمبلی حمیدہ میاں نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ 2020 میں شہر سے باہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فعال ہونے کے بعد قدیم ہسپتال کی انتظامی حیثیت ختم کرکے اسے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ضم کردیا گیا تھا۔
قرارداد کے مطابق 2022 میں مسلم لیگ ن کی تقریباً 45 روزہ حکومت کے دوران قدیم ہسپتال کو سٹی ہسپتال کا درجہ دے کر اس کے لیے عملے کی منظوری بھی دی گئی، تاہم بعد ازاں اس کی حیثیت دوبارہ ختم کرکے اسے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ضم کردیا گیا۔
ایوان نے مطالبہ کیا کہ قدیم ہسپتال کی انتظامی حیثیت بحال کرکے منظور شدہ عملہ اور ضروری بجٹ فراہم کیا جائے۔ قرارداد میں منڈی بہاؤالدین کی تقریباً 3 لاکھ آبادی کے لیے ہسپتال کی بحالی کو ناگزیر قرار دیا گیا۔
پنجاب اسمبلی نے خواتین اور بچیوں پر ہر قسم کے تشدد کی مذمت اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کی حمایت میں رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی پیش کردہ قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قرارداد میں خواتین اور بچیوں کو ریاست کی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف جسمانی، جنسی، گھریلو، نفسیاتی، جذباتی اور آن لائن تشدد کی شدید مذمت کی گئی۔
قرارداد میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں خواتین کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ 25 نومبر سے 10 دسمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران صوبے بھر میں آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔
تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور متاثرہ خواتین کو فوری انصاف، قانونی امداد، نفسیاتی مشاورت اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
قرارداد میں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ٹول فری ہیلپ لائن 080001737 کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ خواتین کا تحفظ صرف 16 دن نہیں بلکہ سال کے 365 دن ریاست کی ذمہ داری ہے۔
پنجاب اسمبلی نے سرکاری تعلیمی اداروں میں طالبات کے لیے ماہواری کے دوران حفظان صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کرلی۔
حکومتی رکن ذکیہ شاہنواز کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں صاف پانی، علیحدہ اور فعال واش رومز، مناسب قیمت پر سینیٹری مصنوعات کی دستیابی اور استعمال شدہ مصنوعات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
قرارداد میں تعلیمی اداروں میں ہاتھ دھونے کی سہولیات اور ماہواری سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں، سیلاب اور پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست اور پائیدار واٹر، سینیٹیشن اور ہائجین سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
دوسری جانب ایوان نے مقدس ہستیوں کی توہین پر سزا میں اضافے کے لیے قانون سازی سے متعلق قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کرلی۔
اپوزیشن رکن رانا اورنگزیب کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 298-A کے تحت موجودہ سزا کو ناکافی قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے سزا میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ مقدس ہستیوں کی توہین سے مذہبی جذبات مجروح ہونے کے ساتھ معاشرتی امن اور ہم آہنگی کو بھی نقصان پہنچتا ہے، اس لیے مذہبی مقدسات کے احترام اور معاشرتی امن برقرار رکھنے کے لیے مؤثر قانون سازی اور اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔