پاکستانی خلاباز کی خلائی سٹیشن روانگی پر وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد، تاریخی کامیابی قرار
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی چین کے شینزو 24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی سٹیشن روانگی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے آج ستاروں سے آگے کا سفر شروع کردیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ محض ایک خلاباز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، ہماری نوجوان نسل، سائنسدانوں اور ان کے خوابوں کا سفر ہے۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے بے مثال محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ چین میں اپنی تربیت مکمل کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے بعد دنیا کا پہلا ملک ہوگا جس کا خلاباز تیانگونگ خلائی سٹیشن جائے گا۔ یہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم اپنے برادر ملک چین کے شکر گزار ہیں جس نے پاکستان کو اس تاریخی مشن کا حصہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین زمین پر قیام امن اور باہمی ترقی کے لیے ہی ہم آہنگ نہیں بلکہ اب خلائی سفر میں بھی ہم قدم ہیں، جو دونوں ممالک کی دوستی کی وسعت اور قربت کا اظہار ہے۔
وزیراعظم نے سپارکو، جامعات اور ان سائنسدانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کے تیار کردہ سائنسی تجربات اس مشن کے ذریعے خلا میں بھیجے جارہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان، قومی اداروں، سائنسدانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان خلائی تحقیق اور جدید سائنس کے میدان میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی سٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل ایک پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔ خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑو، محنت کرتے رہو اور پاکستان پر یقین رکھو، ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاعر علامہ محمد اقبال نے برسوں پہلے نوجوانوں کو ستاروں سے آگے جانے اور کائنات میں پوشیدہ رازوں کو دریافت کرنے کی تلقین کی تھی، اللہ کا شکر ہے کہ آج یہ خواب حقیقت بن رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ یہ مشن ایک نئے پاکستان کی جانب بڑا قدم ہے، جہاں ہمارے نوجوان دنیا کا محض مقابلہ نہیں بلکہ اس کی رہنمائی کریں گے۔