Sports

امریکی شہری نے کرتب دکھاتے ہوئے 19 میل تک رولر سکیٹنگ کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

امریکی شہری نے کرتب دکھاتے ہوئے 19 میل تک رولر سکیٹنگ کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
۱ منٹ پہلے

امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے تین اشیا کو مسلسل ہوا میں اچھالتے اور سنبھالتے ہوئے 19 میل تک رولر سکیٹنگ کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ جگلنگ کے متعدد گنیز ورلڈ ریکارڈز رکھنے والے ڈیوڈ رش نے اسے اپنا مشکل ترین چیلنج قرار دیا ہے۔

 

ڈیوڈ رش اس سے قبل ایک پہیے والی سائیکل، رولر بورڈ اور سوئس بال پر توازن برقرار رکھتے ہوئے جگلنگ کے عالمی ریکارڈز بھی قائم کرچکے ہیں۔

 

ان کا کہنا ہے کہ تین اشیا کو مسلسل ہوا میں اچھالتے ہوئے ان لائن سکیٹس پر طویل ترین فاصلہ طے کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنا اب تک کا سب سے مشکل چیلنج تھا۔

 

ڈیوڈ رش نے کہا کہ بیک وقت جگلنگ اور سکیٹنگ کے دوران مٹر کے دانے کے برابر چھوٹا سا کنکر بھی سکیٹ کے پہیے کو جام کرسکتا ہے، جس سے رفتار اور توازن متاثر ہونے کے ساتھ کئی ماہ کی تیاری محض آدھے سیکنڈ میں ضائع ہوسکتی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل جب اس چیلنج کی تیاری شروع کی تو عالمی ریکارڈ 5 ہزار میٹر کا تھا، جسے انہوں نے توڑ دیا تھا۔ تاہم کچھ عرصے بعد ان کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، جس پر انہوں نے پہلے سے کہیں زیادہ طویل فاصلہ طے کرنے کا فیصلہ کیا۔

 

ڈیوڈ رش کا کہنا تھا کہ برداشت اور استقامت سے متعلق عالمی ریکارڈز صرف کوشش کے دن قائم نہیں ہوتے بلکہ ان کے لیے کئی ماہ کی جسمانی تیاری درکار ہوتی ہے۔ ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش سے قبل مشین کے ذریعے راستے کی صفائی بھی ضروری ہوتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں