Breaking News

پاکستان نے خلائی میدان میں تاریخ رقم کردی،خلاباز ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچ گئے

پاکستان نے خلائی میدان میں تاریخ رقم کردی،خلاباز ذیشان علی  تیانگونگ خلائی سٹیشن  پہنچ گئے
۱ منٹ پہلے

پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں تاریخ رقم کردی، پہلے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی اور دو چینی خلابازوں تانگ ہونگبو اور وو یی کو لے جانے والا چین کا خلائی جہاز شینژو 24 تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہوگیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخی موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

 

شینژو 24 کے کامیابی سے خلائی سٹیشن سے منسلک ہونے کے بعد عملہ تیانگونگ میں داخل ہوگا، جہاں پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے خلاباز ان کا استقبال کریں گے۔

 

پاکستان اور چین کے مشترکہ خلائی مشن شینژو 24 کی کامیاب روانگی سے دونوں ممالک کے خلائی تعاون میں نیا سنہری باب رقم ہوگیا ہے۔ پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی نے تاریخ رقم کردی، یہ پاک چین دوستی کی تاریخ کا ایک سنہرا اور تاریخی دن ہے۔

 

دو چینی اور ایک پاکستانی خلاباز کو لے جانے والا خلائی مشن پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجکر 18 منٹ پر روانہ ہوا۔   خلائی پرواز کے 4 سے 5 گھنٹے بعد پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی اور ان کے چینی ساتھی خلائی سٹیشن میں داخل ہوئے۔

 

چینی خلاباز تانگ ہونگبو، وو یی اور پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی مشترکہ خلائی مشن انجام دیں گے، پاکستانی خلاباز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔

 

خلائی مشن شینژو 24 پر روانگی سے قبل خلابازوں کی الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے، پاکستانی اور چینی خلابازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا، جس کے بعد تینوں خلاباز خصوصی پروٹوکول میں گاڑیوں کے ذریعے خلائی مرکز پہنچے۔

 

خلائی مشن پر روانگی سے قبل پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے کہا تھا کہ وہ قوم کی امیدیں ساتھ لے کر خلا میں جارہے ہیں، خلائی مشن میں صرف ان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی ہوگی، یہ ان سمیت پورے ملک کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

 

محمد ذیشان علی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے۔ پاکستانی خلاباز نے اس موقع پر علامہ محمد اقبال کا شعر بھی پڑھا۔

 

چینی خلاباز نے کہا تھا کہ پاکستان اور چین کا خلائی تحقیق کے میدان میں مشترکہ خواب ہے، محمد ذیشان علی نے چینی زبان سیکھنے کے لیے بھرپور محنت کی، جس سے خلابازوں کے درمیان باہمی رابطے میں آسانی ہوئی۔

 

پاکستانی خلاباز مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ ذمہ داریاں انجام دیں گے، محمد ذیشان علی مائیکرو گریویٹی کے ماحول میں سائنسی تجربات کریں گے۔ پاکستانی اور چینی خلاباز مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے، محمد ذیشان علی کی تاریخی خلائی پرواز سے خلائی تحقیق کے میدان میں پاکستان کا نام نمایاں ہوگا۔

 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے پہلے خلاباز مشن پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ملکی خلائی پروگرام میں سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے خلابازوں کے کامیاب مشن اور بحفاظت زمین پر واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

آصف علی زرداری نے کہا کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے، یہ خلائی مشن سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ چین کا تعاون پاکستان کے خلائی سفر میں اہم کردار ادا کررہا ہے، یہ تاریخی مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گا۔

 

صدر مملکت نے مزید کہا کہ خلائی مشن کے دوران کیے جانے والے سائنسی تجربات تحقیق اور علم کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے، انسانی خلائی پرواز میں شرکت تحقیق، سیکھنے اور جدت کے فروغ کا ذریعہ ہے۔

 

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خلائی تحقیق زمین پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے، پاکستانی نوجوان اعتماد اور بلند عزم کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں۔

 

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع کو عظیم لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جذبات کا الفاظ میں اظہار نہیں کرسکتے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے آج ستاروں سے آگے کا سفر شروع کردیا ہے، یہ صرف ایک خلاباز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، نوجوان نسل، سائنسدانوں اور قومی خوابوں کا سفر ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے چین میں بے مثال محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ تربیت مکمل کی۔ پاکستان تیانگونگ خلائی سٹیشن کے لیے خلاباز بھیجنے والا چین کے بعد دنیا کا پہلا ملک بنے گا، جو پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخی خلائی مشن میں پاکستان کو شامل کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک زمین پر امن اور باہمی ترقی کے ساتھ اب خلائی سفر میں بھی ہم قدم ہیں۔

 

انہوں نے سپارکو، جامعات اور ان سائنسدانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کے تیار کردہ سائنسی تجربات اس مشن کے ساتھ خلا میں بھیجے گئے ہیں۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان، قومی اداروں، سائنسدانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کاوشوں سے ملک خلائی تحقیق اور جدید سائنس کے میدان میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔

 

نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی سٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل ایک پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔

 

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواب دیکھنا کبھی نہ چھوڑیں، محنت کرتے رہیں اور پاکستان پر یقین رکھیں، کیونکہ ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے برسوں پہلے نوجوانوں کو ستاروں سے آگے جانے اور کائنات کے راز دریافت کرنے کی تلقین کی تھی اور آج یہ خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔

 

پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی کی الوداعی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے ایک عظیم لمحہ ہے۔

 

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ٹی وی سکرین پر یہ یادگار لمحات دیکھ رہی ہے، پوری قوم کو اپنے ہیرو پر فخر ہے جو چینی خلابازوں کے ساتھ خلائی مشن پر روانہ ہوا ہے۔

 

وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ نوجوان ان تاریخی لمحات کو دیکھ کر خلابازی کے شعبے کی جانب راغب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ یادگار لمحات تاریخ میں یاد رکھے جائیں گے، یہ ابھی شروعات ہے، اختتام نہیں۔

 

پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی کے موقع پر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی بھی موجود تھے۔

 

دوسری جانب چین نے اہم خلائی مشن کے موقع پر پاک چین دوستی کے نام خصوصی نغمہ جاری کیا ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور خلائی شعبے میں مشترکہ تعاون کے عزم کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

 

اس نغمے کے ذریعے چین اور پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے خلائی تحقیق کے حوالے سے مشترکہ خوابوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

 

خصوصی نغمے میں دوستی، باہمی اعتماد اور سائنسی ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھنے کے پیغام کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اس اقدام کو پاک چین تعلقات میں ایک نئے اور خوبصورت رنگ کا اضافہ قرار دیا جارہا ہے۔

 

پاک فضائیہ کے 40 سالہ پائلٹ محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی شہری ہیں۔ وہ چینی خلائی سٹیشن پر قیام کے دوران چار اہم سائنسی تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔

 

پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کے فرائض انجام دیں گے، جس کا مطلب ہے کہ وہ خلائی جہاز چلانے کے بجائے سائنسی تجربات کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ خلائی سٹیشن پر 5 سے 10 روز تک قیام کریں گے۔

 

سپارکو کے ڈائریکٹر برائے مصنوعی ذہانت عزیر انصاری کے مطابق ادارے نے پائلٹوں اور سائنسدانوں کے ایک گروپ کی طبی موزونیت، نفسیاتی مضبوطی اور کشش ثقل کے شدید دباؤ یعنی جی فورسز برداشت کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا تھا۔

 

تیز رفتار پروازوں کے تجربے نے محمد ذیشان علی کے خلائی مشن کے لیے انتخاب میں اہم کردار ادا کیا۔عزیر انصاری نے کہا کہ ایسے سائنسدان آسانی سے نہیں ملتے جو اس نوعیت کے سفر اور اعلیٰ سطح کی جی فورسز کا سامنا کرنے سے واقف ہوں۔

 

محمد ذیشان علی 22 اگست 1986 کو سرگودھا میں پیدا ہوئے، وہ شادی شدہ ہیں اور ان کی تین بیٹیاں ہیں۔

 

انہوں نے ایرو سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وار سٹڈیز میں تعلیمی قابلیت حاصل کی، ان کا پس منظر ہوا بازی، تکنیکی علوم، سٹریٹجک سٹڈیز اور عسکری مہارتوں کا احاطہ کرتا ہے۔

 

محمد ذیشان علی نے ایک سال کی سخت خلائی تربیت محض سات ماہ میں مکمل کرکے خلائی پرواز کے تقاضے پورے کیے۔

 

خلائی پرواز کی تیاری کے لیے محمد ذیشان علی نے بیجنگ میں سات ماہ تک تربیت حاصل کی، اس دوران انہوں نے چینی زبان کی خصوصی کلاسیں لیں، چینی گیت سیکھے اور چینی شاعری پڑھی۔

 

خلائی تربیت کے ساتھ ساتھ انہوں نے خطاطی کی مشق بھی کی اور ٹیبل ٹینس بھی کھیلا۔محمد ذیشان علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے لیے پرواز نہیں کررہے بلکہ اپنے کندھوں پر پاکستان کا نام لے کر جارہے ہیں۔

 

سپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی خلائی سٹیشن پر جن چار اہم سائنسی تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے، ان میں پہلا منصوبہ تابکاری سے تحفظ سے متعلق ہے۔

 

اس منصوبے کے تحت وہ گریفین پر مبنی ہلکے وزن کے مرکب مادوں کی تیاری کا جائزہ لیں گے، جو خلائی جہازوں کو تابکاری سے بہتر طور پر محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

 

دوسرے تحقیقی منصوبے میں خودکار مرمت کی صلاحیت رکھنے والے کاربن فائبر مرکبات کا مطالعہ کیا جائے گا، جو خلائی جہازوں کے ڈھانچے میں پڑنے والی چھوٹی دراڑوں کو خود بخود ٹھیک کرکے ان کی پائیداری میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

 

تیسرا سائنسی تجربہ کینووا کے بیجوں پر مشتمل ہے، جس میں یہ دیکھا جائے گا کہ یہ بیج خلا کے ماحول میں کس طرح ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور مستقبل کے خلائی مشنز میں خوراک کے ذریعے کے طور پر ان کی کیا صلاحیت ہوسکتی ہے۔

 

چوتھے اور آخری تحقیقی منصوبے کے تحت زمین سے باہر زندگی کو سہارا دینے کے لیے خردبینی کائی اور سائنو بیکٹیریا کی کاشت کا جائزہ لیا جائے گا، تاکہ آکسیجن کی بحالی، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج اور خوراک کی ممکنہ پیداوار کے امکانات پر تحقیق کی جاسکے۔

 

خلائی مشن کی تکمیل اور چاروں سائنسی تجربات کے نتائج سامنے آنے کے بعد خلائی تحقیق اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں میں ان کے عملی اطلاق کا جائزہ لیا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں