Pakistan

ڈنکی کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش، لیبیامیں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، باجوڑ کے 35 نوجوان جاں بحق

ڈنکی کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش، لیبیامیں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، باجوڑ کے 35 نوجوان جاں بحق
۱ منٹ پہلے

لیبیا کے ساحل کے قریب بحیرہ روم میں یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے المناک حادثے میں خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے کم از کم 35 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی بازیابی کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے حادثے کی مکمل تحقیقات اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔

 

ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے نوجوانوں کا تعلق ضلع باجوڑ کے مختلف علاقوں سے ہے، جو بہتر روزگار اور خوشحال مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی راستوں، جنہیں عام طور پر ڈنکی کہا جاتا ہے، کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوشش کررہے تھے۔

 

نوجوانوں کی پاکستان سے روانگی کی تاریخ، انہیں بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹوں کی شناخت اور ان سے وصول کی گئی رقوم کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

 

کشتی حادثے کے بعد ضلع باجوڑ میں سوگ کی فضا ہے، متاثرہ گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے، جبکہ لاپتہ نوجوانوں کے اہل خانہ اپنے پیاروں سے متعلق معلومات کے منتظر ہیں۔

 

وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے کہا ہے کہ وہ کشتی حادثے کے معاملے پر لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی بازیابی کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں متعلقہ مقامی حکام، نیوی، نیٹو اور بین الاقوامی امدادی اداروں کا تعاون حاصل ہے۔

 

مبارک زیب خان کے مطابق متاثرہ نوجوانوں کی مدد اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے جمعرات 26 نومبر کو خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں امدادی اقدامات اور تلاش کے عمل کو تیز کرنے سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کی میتوں کی جلد از جلد وطن واپسی اور متاثرہ خاندانوں کی ضروری معاونت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔وزیر مملکت نے بتایا کہ انہوں نے لیبیا کے قریب کشتی حادثے میں محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے بھی رابطہ کیا ہے۔

مبارک زیب خان کا کہنا تھا کہ باجوڑ کا ہر نوجوان ہمارے لیے قیمتی ہے اور ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

 

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے لیبیا کشتی حادثے میں نوجوانوں کی مبینہ ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشتی حادثے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی، انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر اور نوجوانوں کو خطرناک راستوں سے بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

 

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کی موجودگی کا اس سے قبل بھی انکشاف ہوچکا ہے۔ فروری 2026 میں سامنے آنے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق پشاور، دیر، باجوڑ اور پاراچنار میں سرگرم انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے کارندے لیبیا میں موجود ایجنٹوں سے رابطے میں تھے۔

 

رواں ماہ 5 نومبر کو بھی لیبیا سے ڈی پورٹ کیے گئے 12 پاکستانیوں کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ ایجنٹوں نے شہریوں کو بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر ان سے بھاری رقوم وصول کی تھیں۔

 

فروری 2025 میں بھی لیبیا میں کشتی حادثے کے بعد ایف آئی اے نے باجوڑ کی تحصیل سلارزئی میں چھاپے مار کر انسانی سمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث دو ایجنٹوں حبیب الرحمان اور نوید احمد کو گرفتار کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران ایک متاثرہ شہری سے 37 لاکھ روپے وصول کرنے کا انکشاف بھی ہوا تھا۔

 

 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں