نمیرا سلیم خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی تھیں، ذیشان علی دوسرے پاکستانی خلا باز ہیں
پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے اور کسی خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، انہیں چین کے انسان بردار خلائی مشن میں سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، تاہم وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی نہیں ہیں۔ یہ اعزاز نمیرا سلیم کو حاصل ہے، جنہوں نے اکتوبر 2023 میں نجی تجارتی پرواز کے ذریعے خلا کا سفر کیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 25 نومبر کو چین کے شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے روانہ ہونے والے محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے پیشہ ورانہ تربیت یافتہ خلاباز اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی شہری ہیں۔
پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو اور چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کے درمیان 2025 میں طے پانے والے دوطرفہ خلائی تعاون کے معاہدے کے بعد محمد ذیشان علی نے چین میں سات ماہ تک خلابازی کی تربیت حاصل کی۔
وہ ایک باقاعدہ سرکاری انسان بردار خلائی مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شریک ہیں اور تیانگونگ خلائی سٹیشن پر کئی روز قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔
تاہم اس سے قبل پاکستانی مہم جو اور کاروباری شخصیت نمیرا سلیم نے اکتوبر 2023 میں نجی خلائی سیاح کی حیثیت سے ورجن گیلیکٹک کے گیلیکٹک 04 مشن کے ذریعے خلا کا سفر کرکے خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی شہری ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
موناکو میں مقیم قطبی مہم جو نمیرا سلیم نے اس تجارتی سب آربیٹل پرواز کے ٹکٹ کے لیے 2 لاکھ ڈالر ادا کیے تھے۔ انہوں نے یہ ٹکٹ اپنے تاریخی خلائی سفر سے 17 سال قبل 2006 میں خریدا تھا۔
ماہرین کے مطابق نمیرا سلیم اور محمد ذیشان علی کی خلائی پروازوں کی نوعیت میں بنیادی تکنیکی فرق موجود ہے۔
سب آربیٹل پرواز ایسی پرواز کو کہا جاتا ہے جس میں خلائی جہاز بیرونی خلا کی حدود تک تو پہنچ جاتا ہے، تاہم اس کی رفتار زمین کے گرد مدار میں برقرار رہنے کے لیے درکار رفتار سے کم ہوتی ہے، جسے آربیٹل ویلوسیٹی کہا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ نمیرا سلیم کا خلائی جہاز خلا کے کنارے پر چند منٹ گزارنے کے بعد واپس زمین پر اتر آیا تھا۔
ورجن گیلیکٹک کے گیلیکٹک 04 مشن میں کمپنی کے تین ملازمین کے علاوہ تین خلائی سیاح بھی سوار تھے، جن میں پاکستان کی نمیرا سلیم، امریکا کے رون روسانو اور برطانیہ کے ٹریور بیٹی شامل تھے۔
اس کے برعکس محمد ذیشان علی کے خلائی مشن کی نوعیت مختلف ہے، وہ ایک باقاعدہ سرکاری انسان بردار مداری خلائی مشن کے تحت خلائی سٹیشن پر سائنسی تحقیق میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس طرح نمیرا سلیم نجی تجارتی پرواز کے ذریعے خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی شہری ہیں، جبکہ محمد ذیشان علی باقاعدہ سرکاری مشن کے تحت زمین کے مدار میں داخل ہونے اور خلائی سٹیشن پر قیام کرنے والے پہلے پاکستانی خلاباز بن گئے ہیں، جہاں وہ سائنسی سرگرمیاں انجام دیں گے۔