Pakistan

نیپرا اور پاور ڈویژن کی ناقص نگرانی، بجلی صارفین زائد بلنگ اور بجلی چوری کا بوجھ اٹھانے پر مجبور

نیپرا اور پاور ڈویژن کی ناقص نگرانی، بجلی صارفین زائد بلنگ اور بجلی چوری کا بوجھ اٹھانے پر مجبور
۱ منٹ پہلے

قومی رسک اسسمنٹ رپورٹ میں بجلی کے شعبے میں بدعنوانی کے خطرات، بے ضابطگیوں اور کمزور احتساب کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیپرا اور پاور ڈویژن کے ناقص نگرانی کے نظام کے باعث بجلی صارفین زائد بلنگ کے ساتھ بجلی چوری کا مالی بوجھ بھی اٹھانے پر مجبور ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق نیپرا بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ نامکمل اور غیر آڈٹ شدہ ڈیٹا پر انحصار کررہا ہے، جبکہ بجلی کے نرخوں میں اضافی اخراجات اور تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلیوں کا بوجھ بھی شامل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل سے جون 2024 کے دوران 13 لاکھ بجلی صارفین کو 35 ارب روپے سے زائد مالیت کے ڈیٹیکشن بل جاری کیے گئے، جنہیں نیپرا نے جعلی اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔

 

نیپرا کی تحقیقات میں تقریباً تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی بلنگ میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں، تاہم بجلی کی زائد بلنگ کے 71 مقدمات ایک سال گزرنے کے باوجود قانونی کارروائی کے مراحل میں ہیں۔

 

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نیپرا کے پاس بجلی کے ٹیرف کے تعین اور تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے مطلوبہ تکنیکی ماہرین کی بھی کمی ہے۔

 

نیپرا کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہونے اور سزاؤں کے نفاذ میں تاخیر کے باعث بے ضابطگیوں میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ خود نیپرا کی کارکردگی جانچنے کے لیے باقاعدہ آزادانہ آڈٹ کا کوئی نظام موجود نہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق پاور ڈویژن بیک وقت پالیسی ساز ادارہ اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا مالک ہے، جس کے باعث مفادات کے ٹکراؤ کا خدشہ موجود ہے۔

 

پاور ڈویژن نے نیپرا کی بلنگ انکوائری کے بعض نتائج پر باضابطہ اعتراضات بھی اٹھائے تھے۔ بجلی کے شعبے میں مختلف اداروں کے اختیارات اور ذمہ داریوں کے تداخل کو مؤثر احتساب کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔

 

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں کسی مستقل نظام کے تحت کرنے کے بجائے عارضی مہمات تک محدود ہیں۔

 

سال 2022 سے 2024 کے دوران بجلی چوری کے 3 لاکھ 9 ہزار 757 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ بجلی چوری کے الزام میں ایک لاکھ 29 ہزار 117 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

 

بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے باوجود ریکوری کی شرح محض 57.81 فیصد رہی۔

 

رپورٹ کے مطابق بجلی چوری کے خلاف مہم ختم ہوتے ہی غیر قانونی کنکشن دوبارہ بحال ہوجاتے ہیں، جبکہ بجلی چوری میں ملوث یا اس کی سہولت کاری کرنے والے عملے کے خلاف شاذونادر ہی کارروائی کی جاتی ہے۔

 

سرکلر ڈیٹ، بجلی کے نقصانات اور ریکوری کی کم شرح کو پورے پاور سیکٹر کے مشترکہ مسائل قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بجلی کے شعبے میں مؤثر اصلاحات کے لیے نیپرا کی حقیقی خودمختاری، تکنیکی صلاحیت اور شفافیت کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق سرکاری اداروں میں سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی تقرریاں بھی ریگولیٹری نگرانی کے نظام کو کمزور کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔بجلی کے شعبے میں بدعنوانی کے خطرات سے متعلق قومی رسک اسسمنٹ رپورٹ قومی احتساب بیورو (نیب) کی تکنیکی معاونت سے تیار کی گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں