Pakistan

مولانا فضل الرحمان کی مبینہ غیر قانونی حراست، لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او سے جواب طلب کرلیا

مولانا فضل الرحمان کی مبینہ غیر قانونی حراست، لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او سے جواب طلب کرلیا
۱ منٹ پہلے

لاہور ہائیکورٹ نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

 

جسٹس علی ضیا باجوہ نے مقامی وکیل چوہدری ابرار حسین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

 

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا گیا ہے تو معاملہ گھمبیر نوعیت کا ہے، جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہے اسے اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

 

عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا گیا ہے تو اس کی وجوہات بتانا ہوں گی۔

 

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل فرخ جاوید لودھی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار وکیل کی گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بھی ہوئی تھی، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

 

درخواست گزار وکیل چوہدری ابرار حسین نے عدالت کو بتایا کہ پولیس سے متعدد بار درخواست کرنے کے بعد انہیں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اجازت دی گئی تھی۔

 

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان آج بھی اپنے گھر میں غیر قانونی حراست میں ہیں اور انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

 

عدالت نے سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور مزید سماعت کل 26 نومبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں