Entertainment

پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز 191 ممالک میں ریلیز کیلئے تیار، بھارت میں پابندی کا مطالبہ

پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز 191 ممالک میں ریلیز کیلئے تیار، بھارت میں پابندی کا مطالبہ
۱ منٹ پہلے

پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ 4 دسمبر 2026 کو دنیا کے 191 ممالک میں ریلیز ہونے جارہی ہے، جسے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، تاہم دوسری جانب بھارت میں فلم انڈسٹری سے وابستہ ایک تنظیم نے سیریز کی ریلیز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

 

ایم ڈی فلمز کے بینر تلے تیار ہونے والی سیریز کو متعدد زبانوں میں ڈب کیا گیا ہے۔ اس کی کہانی معروف ناول نگار فرحت اشتیاق نے تحریر کی ہے، جبکہ مومنہ درید اس کی تخلیق کار اور ہدایتکارہ ہیں۔

 

ممکنہ طور پر 13 اقساط پر مشتمل سیریز کے پہلے حصے میں پانچ اقساط شامل ہیں، جبکہ اس کی کہانی تین نسلوں اور محبت کی چھ داستانوں کے گرد گھومتی ہے۔ تاہم سیریز کی عالمی ریلیز کے ساتھ یہ سوال بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ کیا نیٹ فلکس پر موجودگی پاکستانی ڈراموں کو نئے ناظرین تک پہنچانے کے ساتھ مقامی انڈسٹری کے کام کرنے کا انداز بھی تبدیل کرسکتی ہے؟

 

پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق نے 2013 میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے نام سے ناول تحریر کیا تھا۔

 

اس کی کہانی بنیادی طور پر سکندر اور لیزا کے گرد گھومتی ہے، جن کے کردار بالترتیب احد رضا میر اور اقرا عزیز ادا کررہے ہیں۔ سکندر ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہے، جو اپنے ماضی سے تنگ آکر اٹلی کے شہر روم چلا جاتا ہے، جہاں اس کی ملاقات لیزا نامی مصورہ سے ہوتی ہے، جس کی اپنی زندگی بھی کئی پیچیدگیوں کا شکار ہے۔

 

اٹلی میں دونوں کی ملاقات ان کی زندگیوں کو ایک غیر متوقع سمت میں لے جاتی ہے۔ سیریز کے ٹریلر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی شوٹنگ روم کے علاوہ کراچی، سکردو اور لندن میں بھی کی گئی ہے، جہاں مختلف کرداروں اور نسلوں کی زندگیوں کے ذریعے محبت، رشتوں اور انسانی تعلقات کو موضوع بنایا گیا ہے۔

 

سیریز کا نام اور بنیادی خیال معروف شاعر فیض احمد فیض کی نظم سے متاثر ہے۔ اس کی کہانی صرف رومانوی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ ان یادوں، رشتوں اور تجربات کا بھی احاطہ کرتی ہے جنہیں انسان اپنی زندگی میں سمیٹتا رہتا ہے۔

 

سیریز کی نمایاں خصوصیات میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف فنکاروں پر مشتمل بڑی کاسٹ بھی شامل ہے۔ احد رضا میر اور اقرا عزیز کے ساتھ فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، حمزہ علی عباسی، صنم سعید، مایا علی، آمنہ شیخ، خوشحال خان، احمد علی اکبر اور بلال اشرف بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔

 

ان کے علاوہ ثمینہ احمد، سامعہ ممتاز، شہزاد نواز، عمیر رانا، نادیہ جمیل، نادیہ خان، عدیل حسین اور سیف حسن بھی مختلف کرداروں میں نظر آئیں گے۔

 

ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کے پوتے اور ہدایتکارہ مومنہ درید کے بیٹے شاہ زین درید بھی اس سیریز کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔

 

پاکستانی ناظرین کے لیے سیریز کی ایک خاص کشش فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی بھی ہے، جو مقبول ڈرامے ’ہم سفر‘ کے بعد ایک مرتبہ پھر فرحت اشتیاق کے تحریر کردہ منصوبے میں نظر آئیں گے۔

 

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی اس سیریز کی خاص اہمیت ہے، کیونکہ نیٹ فلکس جیسے عالمی پلیٹ فارم پر اردو زبان میں مواد اور مانوس چہروں کو دیکھنا ان کے لیے اپنی ثقافت سے جڑے رہنے کا ایک ذریعہ بن سکتا ہے۔

 

سیریز میں کام کرنے والی اداکارہ آمنہ شیخ کے مطابق اس کی شوٹنگ 2024 میں مکمل ہوئی تھی، تاہم اس کے بعد بھی منصوبے پر کام جاری رہا۔

 

بی بی سی نیوز اردو سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ شیخ نے کہا کہ بطور اداکارہ وہ اپنے اگلے منصوبوں میں مصروف ہوگئی تھیں، تاہم پروڈیوسرز اور باقی ٹیم سیریز کی تکمیل کے لیے کام کرتی رہی۔

 

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ڈبنگ کے دوران انہیں اندازہ ہوا کہ اس عرصے میں سیریز پر کتنا کام کیا گیا ہے۔

 

آمنہ شیخ کا کہنا تھا کہ وہ اس منصوبے کا حصہ بننے پر بہت خوش اور پُرجوش ہیں، انہیں خوشی ہے کہ سیریز میں نظر آنے والے تمام اداکاروں نے اس کے لیے اپنا وقت دیا اور ان کے خیال میں ٹیم میں شامل ہر اداکار اس موقع کا مستحق ہے۔

 

انہوں نے ایک ہی منصوبے میں اتنے فنکاروں کے اکٹھا ہونے کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے فنکاروں کی فیملی کا دوبارہ اکٹھا ہونا اور ان کی صلاحیتوں کی توثیق قرار دیا۔

 

سیریز کی تیاری کا سفر بھی خاصا طویل رہا ہے۔ مومنہ درید کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً آٹھ سال کام کیا گیا، جبکہ اس کی شوٹنگ میں 200 دن لگے۔

 

اتنے طویل عرصے تک منصوبے سے وابستہ رہنے کے باوجود مومنہ درید اسے اپنی ذاتی کامیابی قرار دینے میں محتاط ہیں۔

 

مومنہ درید کا کہنا تھا کہ وہ ابھی فخر کرنے کی پوزیشن میں نہیں بلکہ عاجزی محسوس کررہی ہیں، انہیں اس وقت فخر ہوگا جب اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کے لیے نیٹ فلکس کے دروازے کھلیں گے۔

 

ان کے نزدیک اس منصوبے کی اہمیت محض ایک سیریز کی ریلیز تک محدود نہیں، بلکہ اصل کامیابی یہ ہوگی کہ مستقبل میں بھی پاکستانی پروڈکشنز کو عالمی پلیٹ فارمز پر کام کرنے کے مواقع میسر آئیں۔

 

ڈرامہ نگار فرحت اشتیاق بھی اس موقع کو اپنے کام کی عالمی سطح پر نمائش سے بڑھ کر دیکھتی ہیں۔ ان کے مطابق اس منصوبے کے حوالے سے خوشی کے ساتھ گھبراہٹ اور شدید جذباتی کیفیت بھی ہے۔

 

فرحت اشتیاق کا کہنا تھا کہ اس وقت بہت زیادہ خوشی بھی ہے اور گھبراہٹ بھی، یہ ایک بہت بڑی اور جذباتی کیفیت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے لیے اتنی خوشی نہیں جتنی اپنے ملک کے لیے محسوس ہورہی ہے کہ اب پاکستانی ڈرامے عالمی ناظرین دیکھیں گے۔ وہ چاہتی ہیں کہ پاکستان کی جو تصویر دنیا کے سامنے جانی چاہیے، وہ اس ڈرامے کے ذریعے پہنچے۔

 

سیریز کی موسیقی اور پس منظر کی دھنیں معروف پاکستانی موسیقار روحیل حیات نے ترتیب دی ہیں، جو 80 اور 90 کی دہائی میں وائٹل سائنز بینڈ کا حصہ رہے، جبکہ بعد ازاں کوک سٹوڈیو کے ابتدائی اور مقبول ادوار میں ان کی موسیقی کو خاصی پذیرائی ملی۔

 

روحیل حیات کی شمولیت اس لیے بھی اہم ہے کہ ان کا کام پاکستانی موسیقی میں روایتی اور جدید انداز کے امتزاج سے پہچانا جاتا ہے۔

 

سیریز کے ٹریلر اور موسیقی کی رونمائی کے بعد اس میں کام کرنے والے فنکاروں نے اسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا، جہاں صارفین کی جانب سے منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

 

اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے کردار راحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ زندگی بھر اس کردار کا ایک حصہ ان کے ساتھ رہے گا۔

 

ڈرامے ’در نجات‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار نمیر خان نے بھی سیریز کے ٹریلر کی رونمائی کو پاکستانی سٹوری ٹیلنگ کے لیے سنگ میل قرار دیا۔

 

ایک سوشل میڈیا صارف نے ٹریلر میں نظر آنے والے پاکستانی اداکاروں کا کولاج بناکر شیئر کیا، جبکہ ایک اور صارف نے ٹریلر کی ایڈیٹنگ کو قابل تعریف قرار دیا۔

 

پاکستانی ڈرامے کئی برسوں سے بیرون ملک مقیم جنوبی ایشیائی ناظرین میں مقبول ہیں، جبکہ یوٹیوب اور سوشل میڈیا نے ان کی رسائی میں مزید اضافہ کیا ہے۔

 

بھارت سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی ڈراموں کے مکالموں اور کرداروں پر بنائی جانے والی ویڈیوز بھی ان کی مقبولیت کا اظہار کرتی ہیں۔

 

تاہم پاکستانی ڈراموں کی یہ مقبولیت زیادہ تر ایسے ناظرین تک محدود رہی ہے جو پہلے سے پاکستانی ثقافت، زبان یا فنکاروں سے واقف ہیں۔ نیٹ فلکس جیسے عالمی پلیٹ فارم پر موجودگی سے ایسے ناظرین تک بھی رسائی ممکن ہوسکتی ہے جنہوں نے اس سے قبل کوئی پاکستانی ڈرامہ نہیں دیکھا۔

 

ویانا کی یونیورسٹی آف میوزک اینڈ پرفارمنگ آرٹس میں سکرپٹ رائٹنگ کے استاد ڈاکٹر عمیر احمد خان اس حوالے سے بھارت میں نیٹ فلکس کے تجربے کی مثال دیتے ہیں۔

 

ان کے مطابق نیٹ فلکس نے بھارتی ناظرین کے لیے مقامی کہانیوں، ثقافتی موضوعات اور فلم سازی کے منفرد انداز کو اپنے عالمی معیار کی پروڈکشن ویلیو کے ساتھ جوڑا، جس کے نتیجے میں نہ صرف اسے ایک الگ شناخت ملی بلکہ مقامی مواد کو بھی بین الاقوامی سطح پر نئی پذیرائی حاصل ہوئی۔

 

ڈاکٹر عمیر احمد خان کا کہنا تھا کہ جب نیٹ فلکس بھارت آیا تو اس نے وہاں کے منفرد کہانی سنانے کے انداز کو اپنایا اور اسے اپنی پروڈکشن ویلیو کے ساتھ یکجا کیا۔

 

ان کے مطابق نیٹ فلکس کو ابتدا ہی سے بڑے بڑے ناموں کی ضرورت نہیں تھی۔ رادھیکا آپٹے اور سیف علی خان جیسے اداکار مرکزی کرداروں میں تھے، تاہم تھیٹر اور چھوٹے پلیٹ فارمز سے آنے والے فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے اور پہچان بنانے کا موقع دیا گیا۔

 

ڈاکٹر عمیر احمد خان کے مطابق یہی وہ خصوصیت تھی جس نے بھارتی نیٹ فلکس پروڈکشنز کو منفرد بنایا۔

 

ان کے خیال میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں اتنی بڑی تعداد میں معروف اداکاروں کو شامل کرنے کے بجائے دو یا تین بڑے ناموں کے ساتھ معاون کرداروں کے لیے نئے اور نسبتاً کم معروف فنکاروں کو موقع دیا جاسکتا تھا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی منصوبے میں بہت زیادہ بڑے ناموں کی موجودگی بعض اوقات ضرورت سے زیادہ تشہیر کی کوشش کا تاثر دیتی ہے۔ عالمی پلیٹ فارم پر پاکستانی انڈسٹری کی اصل صلاحیت دکھانے کے لیے نئے فنکاروں کو بھی آگے لانا ضروری ہے۔

 

ڈاکٹر عمیر احمد خان کا کہنا تھا کہ سیریز کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنے کے لیے ابھی وقت درکار ہے، تاہم ٹریلر میں پروڈکشن کے معیار میں بہتری ضرور دکھائی دیتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ٹریلر میں پروڈکشن ویلیو بہتر نظر آتی ہے، خوبصورت مقامات پر شوٹنگ کی گئی ہے، سنیماٹوگرافی بھی اچھی دکھائی دیتی ہے، جبکہ انگریزی زبان کا استعمال بھی نمایاں ہے۔

 

تاہم ان کے مطابق کہانی سنانے کے انداز میں بعض مسائل موجود ہیں، مکالمے قدرتی محسوس نہیں ہوتے اور اداکاری بھی بعض مقامات پر مصنوعی یا ضرورت سے زیادہ بنائی ہوئی لگتی ہے۔

 

ان کی تنقید سے یہ سوال بھی سامنے آتا ہے کہ کیا پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری عالمی پلیٹ فارمز کے تقاضے پورے کرنے کے لیے صرف بڑے بجٹ، خوبصورت مقامات اور معروف فنکاروں پر انحصار کرسکتی ہے یا اسے کہانیوں اور مکالموں کے انداز میں بھی تبدیلی لانا ہوگی؟

 

ڈاکٹر عمیر احمد خان کے نزدیک بھارت کے تجربے سے یہ سبق ملتا ہے کہ عالمی معیار کی پروڈکشن کے ساتھ مقامی کہانیوں کی شناخت برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ان کے خیال میں پاکستان کو بھی اپنے منفرد کہانی سنانے کے انداز کو دنیا کے سامنے لانا ہوگا۔

 

دوسری جانب بھارت میں فلم انڈسٹری سے وابستہ ورکرز، تکنیکی ماہرین اور فنکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم تنظیم آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے بھارتی وزیراعظم کو خط لکھ کر ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی بھارت میں ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق تنظیم نے یہ خط بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام لکھا ہے، جس کی نقول نیٹ فلکس انڈیا اور بھارتی وزیر اطلاعات کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

 

خط میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر پابندی کے ساتھ پاکستانی ڈراموں، فلموں اور سیریز پر مستقل پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

 

تنظیم نے خط میں پلوامہ، پہلگام اور 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان پر بھارت میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

 

خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کبھی بھی بھارت کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا، لہٰذا پاکستانی فنکاروں، ڈراموں، فلموں، سیریز، پوڈکاسٹس سمیت ہر قسم کے پاکستانی مواد پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

 

پاکستان کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پہلے کھیلوں کو ہتھیار بنایا گیا، پھر پانی کو اور اب فن اور ثقافت کو ہتھیار بنایا جارہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن نئی دہلی سے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کررہی ہے۔

 

احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ آپ کو کتنے عدم تحفظ کا شکار ہونا پڑتا ہے کہ ایک کرکٹ میچ سیاسی خطرہ نظر آئے اور ایک ٹیلی ویژن ڈرامہ قومی سلامتی کا مسئلہ محسوس ہو؟

 

وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ کھلاڑیوں کو کھیلنے دو، پانی کو بہنے دو، فنکاروں کو تخلیق کرنے دو اور ناظرین کو خود فیصلہ کرنے دو کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں