Pakistan

پاکستان اور چین کا ایل پی جی پلانٹ اور پیٹرول درآمدی منصوبوں پر فوری عمل درآمد کا فیصلہ

پاکستان اور چین کا ایل پی جی پلانٹ اور پیٹرول درآمدی منصوبوں پر فوری عمل درآمد کا فیصلہ
۱ منٹ پہلے

پاکستان اور چین نے ایل پی جی پلانٹ، پیٹرول کی درآمد، سٹوریج اور ٹرمینل سہولیات سمیت توانائی کے اہم منصوبوں پر فوری عمل درآمد پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان ملاقات میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

مشترکہ کمرشل ٹیم توانائی منصوبوں پر پیش رفت اور سرمایہ کاری کے لیے روڈ میپ تیار کرے گی۔

 

ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ایل پی جی پلانٹ، سٹوریج اور ٹرمینل سہولیات کے منصوبے کو فوری آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جس سے ایل پی جی کی مقامی سپلائی بڑھانے اور قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

 

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ہماری ترجیح بات چیت کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔پاکستان اور چین نے پیٹرول کی درآمد، سٹوریج اور لاجسٹکس کے انتظامات میں تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔

 

ملاقات میں چینی کمپنیوں کی پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پیٹرولیم سٹوریج، ٹرمینلز اور ڈاؤن سٹریم توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔

 

علی پرویز ملک نے کہا کہ ایپیک 2026 میں چینی صدر شی جن پنگ کی بیان کردہ ترجیحات پاکستان اور چین کی توانائی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاس ہیں۔

 

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو چین کے تاریخی شینژو 24 خلائی مشن میں شرکت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد ذیشان علی کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں