پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے، سیاحت اور تجارت بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے سمیت سیاحت، کھیل، صحت، تجارت، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر اور صفائی کے نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور قدرتی مناظر دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد حقیقی معنوں میں سیاحتی دارالحکومت بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے کہا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ براہ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر مزید آسان ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہ راست پروازوں سے مالدیپ جانے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان سے مالدیپ جانے والی پہلی براہ راست پرواز میں معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر مشہور شخصیات بھی سفر کریں گی۔مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے کہا کہ پاکستانی مشہور شخصیات مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مالدیپ میں کرکٹ سٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مالدیپ میں کرکٹ سٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی، جس سے نوجوانوں کو کرکٹ کی تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مالدیپ کے اپنے ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ مالدیپ کے وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے کہا کہ ان کے ملک کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور پاکستان سے آنے والی افرادی قوت کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیا کی درآمد کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔ملاقات کے موقع پر مالدیپ کے ہائی کمشنر اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔