عمران خان کے تینوں چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط پر 10 روز بعد بھی کارروائی نہیں ہوئی، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 10 روز قبل تینوں چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھ کر انصاف کی اپیل کی تھی، تاہم اب تک اس خط پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں ایک مرتبہ پھر تینوں چیف جسٹس صاحبان سے مؤدبانہ درخواست کی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بلا تاخیر انصاف فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھا تھا۔
عمران خان کا خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس صاحبان تک پہنچایا گیا تھا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے دعویٰ کیا تھا کہ خط بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر لکھا گیا، جس میں عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی اپیل کی گئی ہے۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے، جبکہ ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔