Pakistan

لاہور میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن، گاڑیاں بند کرنے، بھاری جرمانوں اور مقدمات کا حکم

لاہور میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن، گاڑیاں بند کرنے، بھاری جرمانوں اور مقدمات کا حکم
۱ منٹ پہلے

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر بھر میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ان کی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور رکشے تھانوں میں بند کرنے، خصوصی ناکہ بندی اور سخت چیکنگ کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

 

ٹریفک حکام کے مطابق نئی ہدایات کے تحت 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے پکڑے جانے پر متعلقہ گاڑی یا موٹرسائیکل فوری طور پر تھانے میں بند کردی جائے گی، جبکہ کم عمر ڈرائیور اور گاڑی کے مالک دونوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

 

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ تھانے میں بند کی گئی گاڑی والدین کی جانب سے قانونی ضمانتی دستاویز (شورٹی بانڈ) جمع کروانے کے بعد ہی چھوڑی جائے گی۔

 

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی کم عمر ڈرائیور دوبارہ گاڑی یا موٹرسائیکل چلاتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔

 

لاہور ٹریفک پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال شہر بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 23 ہزار 440 کم عمر ڈرائیورز کے چالان کیے جا چکے ہیں۔

 

دوسری جانب ٹریفک پولیس نے 16 سے 18 سال کی عمر کے 12 ہزار 219 نوجوانوں کو موٹرسائیکل چلانے کے لیے مخصوص جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے ہیں۔

 

سی ٹی او لاہور نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے کے لیے ہرگز نہ دیں اور ان کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

 

ٹریفک حکام کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی ناکہ بندی کے ذریعے نئی ہدایات پر فوری عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں