پمز میں استعمال شدہ طبی سامان کی فروخت کا انکشاف، 8 گرفتار، سابق جوائنٹ ڈائریکٹر کی گرفتاری کیلئے چھاپے
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سیل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پمز ہسپتال کے استعمال شدہ طبی سامان کی غیر قانونی فروخت میں مبینہ طور پر ملوث گینگ کو بے نقاب کردیا، سابق جوائنٹ ڈائریکٹر پمز سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی اے نے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ پمز کے سابق جوائنٹ ڈائریکٹر چودھری وارث کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان استعمال شدہ طبی سامان کو جلانے کے بجائے غیر قانونی طور پر فروخت کرتے تھے۔
فروخت کیے جانے والے پلاسٹک کے طبی فضلے میں استعمال شدہ سرنجیں، ماسک اور طبی نلکیاں شامل تھیں، جنہیں ری سائیکل کرکے کراکری اور پانی کی بوتلوں کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا تھا۔
ایف آئی اے نے اس عمل کو ہیپاٹائٹس اور ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافے کی بڑی وجوہات میں سے ایک قرار دیا ہے۔
ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران لاہور سے 5 ہزار کلوگرام طبی فضلہ بھی برآمد کرلیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق طبی فضلہ جلانے کا ٹھیکہ بھی جعلی طریقے سے نور اینڈ زمان نامی کمپنی کو دیا گیا تھا۔