مظفرآباد میں 6 سال سے زیر التوا سی ایم ایچ چوک فلائی اوور مکمل، وزیراعظم نے افتتاح کردیا
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے مظفرآباد میں 6 سال سے زیر التوا سی ایم ایچ چوک فلائی اوور منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی خصوصی دلچسپی سے طویل عرصے سے زیر التوا فلائی اوور منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔
افتتاحی تقریب میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان، وزرائے حکومت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، راجہ ریاست، عمیر نعیم اور دیگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں آمد پر مظفرآباد کے شہریوں کی جانب سے وزیراعظم افتخار گیلانی کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے منصب سنبھالتے ہی سی ایم ایچ چوک فلائی اوور منصوبہ ہر صورت 45 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم نے متعدد مرتبہ منصوبے کے مقام کا دورہ کرکے تعمیراتی کام پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
سی ایم ایچ چوک فلائی اوور کی تکمیل مظفرآباد کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے، منصوبے کی تکمیل سے سی ایم ایچ چوک پر ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
شہریوں نے طویل عرصے سے زیر التوا منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم افتخار گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم افتخار گیلانی کی قیادت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔