پاک بھارت میچز میں کھلاڑیوں کا نامناسب رویہ، ہربھجن سنگھ کا آئی سی سی سے مداخلت کا مطالبہ
سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ نے پاک بھارت کرکٹ میچز کے دوران کھلاڑیوں کے نامناسب رویے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
ہربھجن سنگھ نے اپنے ایک تبصرے میں کہا کہ معاملات اب حد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں، دو روز قبل جو کچھ ہوا وہ بالکل درست نہیں تھا، آئی سی سی اور دونوں کرکٹ بورڈز کو اب آگے بڑھ کر کھلاڑیوں کو روکنا چاہیے۔
سابق بھارتی سپنر کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران معمولی نوک جھونک ہمیشہ سے کھیل کا حصہ رہی ہے اور ہونی بھی چاہیے، تاہم معاملات اس حد تک نہیں بڑھنے چاہئیں کہ بعد میں اپنے رویے پر شرمندگی اور پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے بھارتی بولر ہرشت رانا کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا طرز عمل درست نہیں تھا، ایسے اقدامات سے آنے والی نسلوں کے لیے اچھی مثال قائم نہیں ہو رہی۔
ہربھجن سنگھ نے مزید کہا کہ کھیل کو کھیل ہی سمجھنا چاہیے، میدان میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پوری طاقت لگائیں لیکن میچ کے بعد دونوں جانب کے کھلاڑیوں کی طرف سے اس قسم کا ردعمل سامنے نہیں آنا چاہیے۔