سینیگال دوبارہ افریقن کپ آف نیشنز کا چیمپئن قرار، عالمی ثالثی عدالت نے مراکش سے ٹائٹل واپس لے لیا
کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) نے افریقن کپ آف نیشنز 2025 کے متنازع فائنل سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے سینیگال کو دوبارہ چیمپئن قرار دے دیا، جس کے بعد مراکش سے ٹائٹل واپس لے لیا گیا ہے۔
جنوری میں رباط میں کھیلے گئے فائنل میں سینیگال نے اضافی وقت میں پاپ گیے کے فیصلہ کن گول کی بدولت مراکش کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔
تاہم میچ کے دوران متنازع پنالٹی دیے جانے پر سینیگال کے کھلاڑی احتجاجاً میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ بعد ازاں مراکش کے کھلاڑی براہیم ڈیاز پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے اور مقابلہ مکمل ہوا۔
تقریباً دو ماہ بعد افریقی فٹبال کنفیڈریشن نے قوانین کی خلاف ورزی کی بنیاد پر سینیگال سے ٹائٹل واپس لے کر مراکش کو فاتح قرار دے دیا تھا۔
سینیگال فٹبال فیڈریشن نے اس فیصلے کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں چیلنج کیا، جہاں تین رکنی پینل نے متفقہ طور پر سینیگال کے حق میں فیصلہ سنایا۔
سینیگال نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ مراکش نے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
افریقی فٹبال کنفیڈریشن نے عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی تصدیق کردی ہے۔