Business

5 آئل ریفائنریز کی 5.7 ارب ڈالر سے اپ گریڈیشن، پیٹرول کی پیداوار دگنی،1 ارب ڈالر کی بچت

5 آئل ریفائنریز کی 5.7 ارب ڈالر سے اپ گریڈیشن، پیٹرول کی پیداوار دگنی،1 ارب ڈالر کی بچت
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد: پاکستان کی 5 بڑی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن پر مجموعی طور پر 5 ارب 70 کروڑ ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے، جس سے ملک میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار تقریباً دگنی اور سالانہ ایک ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

 

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ذرائع کے مطابق ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے بعد پیٹرول کی یومیہ پیداوار 10 ہزار 702 ٹن سے بڑھ کر 21 ہزار 251 ٹن ہوجائے گی۔

 

ہائی سپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار بھی 21 ہزار 237 ٹن سے بڑھ کر 31 ہزار 288 ٹن تک پہنچ جائے گی۔ریفائنریز کی اپ گریڈیشن سے سالانہ ایک ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ہوگی، جبکہ تمام ریفائنریز میں پیٹرول اور ڈیزل کا معیار یورو فائیو تک بہتر بنانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔

 

اوگرا ذرائع کے مطابق ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کی تکمیل 2028 سے 2030 کے درمیان متوقع ہے۔پارکو ریفائنری کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب 40 کروڑ ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے، جبکہ منصوبہ 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 

پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب 70 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی، منصوبے کی تکمیل کا ہدف 2028 مقرر کیا گیا ہے۔نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے، جبکہ منصوبہ 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق سینرجیکو ریفائنری کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب ڈالر لاگت آئے گی اور منصوبہ 2030 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اٹک ریفائنری کی اپ گریڈیشن پر 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ ہے، جبکہ منصوبہ 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں