Business

پاکستان اور روس کا 2030 تک 5 ارب ڈالر تجارت کا ہدف

پاکستان اور روس کا 2030 تک 5 ارب ڈالر تجارت کا ہدف
۱ منٹ پہلے

پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرلیا۔

 

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں اختتام پذیر ہوگیا، جس میں اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

اجلاس کے دوران بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔

 

اجلاس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کی مجموعی صورتحال اور گزشتہ اجلاس کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، انسانی وسائل، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

 

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس نے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بڑھانے، سرمایہ کاری کے لیے سہولتیں فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

 

دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے اور ادارہ جاتی روابط کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے بامقصد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

 

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا، جبکہ کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں