Business

سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ 11 ہزار 500 روپے سستا

سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ 11 ہزار 500 روپے سستا
۱ منٹ پہلے

پاکستان میں مسلسل دو روز اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت میں 11 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ہوگئی۔

 

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 25 نومبر کو ملک بھر میں فی تولہ سونا 11 ہزار 500 روپے سستا ہوگیا۔

 

بڑی کمی کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 936 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 860 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 20 ہزار 589 روپے ہوگئی ہے۔

 

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 115 ڈالر کی بڑی کمی ہوئی، جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 3 ہزار 514 ڈالر ہوگئی۔

 

دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔

 

کاروبار کے اختتام پر پاکستانی روپیہ ایک پیسے کی بہتری کے ساتھ 276 روپے 46 پیسے فی ڈالر پر بند ہوا، جبکہ منگل کو انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 276 روپے 47 پیسے تھی۔

 

عالمی مارکیٹ میں بدھ کو امریکی ڈالر کی قدر مستحکم رہی، سرمایہ کار مہنگائی اور معاشی ترقی سے متعلق اہم اعداد و شمار کے منتظر ہیں۔

 

یہ دسمبر میں امریکی فیڈرل ریزرو کے پالیسی اجلاس سے قبل جاری ہونے والے آخری اہم معاشی اعداد و شمار ہوں گے، جبکہ تاجروں کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے 97 فیصد امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

 

اکتوبر میں جاپان کے سروسز سیکٹر کی قیمتوں میں 36 سال کی بلند ترین شرح سے اضافے کے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد جاپانی ین مستحکم رہا، جبکہ توقع سے زیادہ مہنگائی کے اعداد و شمار کے بعد آسٹریلوی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں