Pakistan

پاکستان میں 190 نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈ آئے تھے، سلمان صفدر کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دلائل

پاکستان میں 190 نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈ آئے تھے، سلمان صفدر کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دلائل
۱ منٹ پہلے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ہی نہیں، پاکستان میں 190 ملین کے بجائے 171 ملین پاؤنڈ آئے تھے۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بدھ کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے اپیلوں کی سماعت کی۔

 

سماعت کے دوران اپیلوں پر مرکزی دلائل کا آغاز ہوا، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بشریٰ بی بی سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور میڈیکل رپورٹس جمع کروانے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔

 

سماعت کے آغاز پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک روسٹرم پر آئے اور بتایا کہ بشریٰ بی بی سے متعلق عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد کردیا گیا ہے، انہیں الگ کمرہ اور تمام طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ اپریل سے 21 نومبر تک کی میڈیکل رپورٹس بھی عدالت میں جمع کروا دی گئی ہیں۔

 

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالتی کارروائی کی لائیو سٹریمنگ کے لیے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دیے جارہے ہیں، یہ مفاد عامہ کا مقدمہ ہے جس کی کارروائی عوام دیکھنا چاہتے ہیں۔

 

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا کہ وہ اس سماعت پر لائیو سٹریمنگ سے متعلق دلائل نہیں سنیں گے کیونکہ معاملہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے پاس ہے اور ابھی اس کے قواعد و ضوابط طے ہونا باقی ہیں۔

 

جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ ماضی میں ایک جج نے اپنے طور پر لائیو سٹریمنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس کی انہوں نے بطور چیف جسٹس اجازت نہیں دی تھی۔

 

مرکزی اپیلوں پر دلائل دیتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈ نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈ آئے تھے، یہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اس معاملے کی غلط رپورٹنگ کرتا ہے، اس لیے میڈیا رپورٹس پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔

 

سلمان صفدر کے مطابق نیب کا مؤقف ہے کہ واپس آنے والی رقم قومی خزانے میں جانی چاہیے تھی، تاہم یہ رقم بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں نہیں آئی بلکہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رہی اور وہاں سرمایہ کاری کے نتیجے میں دگنی ہوگئی، اس لیے کسی نقصان کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

 

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ 458 کنال اراضی کچھ عرصے تک ذوالفقار بخاری کے نام رہی، جسے 22 جنوری 2022 کو القادر ٹرسٹ کے نام منتقل کردیا گیا۔ القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کے لیے بھجوائی گئی رقم بھی بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی کے بینک اکاؤنٹ میں نہیں آئی۔

 

انہوں نے کہا کہ سوہاوہ، جہلم میں واقع اس یونیورسٹی میں 150 سے زائد طلبہ سکالرشپ پر تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اگر رشوت لینی ہو تو کسی مہنگی اور نمایاں جگہ پر لی جاتی ہے، زمین، رقم اور ٹرسٹ سب موجود ہیں، قومی خزانے کو نقصان اس مقدمے میں استغاثہ کی مہنگی کارروائی سے ہوا ہے۔

 

وکیل صفائی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس مقدمے میں 13 نومبر 2023 کو گرفتار کیا گیا تھا، انہیں 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، جبکہ بشریٰ بی بی کو معاونت کے الزام میں 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوئی، انہیں ٹرائل کے دوران کبھی گرفتار نہیں کیا گیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ایک جوڑے کو گزشتہ چار سال سے مختلف مقدمات میں پھنسایا جارہا ہے اور یہ ایک متنازع جیل ٹرائل تھا۔ مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری سمیت 6 ملزمان غیر حاضر رہے، جبکہ عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی۔

 

دلائل کے دوران چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے وکیل صفائی کو چارج شیٹ پڑھنے کی ہدایت کی، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ وہ پہلے ریفرنس اور اس کے بعد چارج شیٹ پڑھیں گے۔

 

مقدمے کی آئندہ سماعت پر اپیلوں کے حق میں دلائل کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں