پاکستان اور ناروے کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
ناروے میں پاکستان کے سفیر عاصم علی خان نے اوسلو میں واقع پاکستان ہاؤس میں سابق وزیر خارجہ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی چیئرپرسن حنا ربانی کھر کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا۔
تقریب میں ناروے کی پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ و دفاع کے چیئرمین پیٹر فرولچ اور کمیٹی کے دیگر ارکان، پاکستان ناروے دوستی گروپ کے چیئرمین فرخ قریشی، ڈپٹی چیئرپرسن ٹرائن لیز سنڈنس، رکن پارلیمنٹ ہمانشو گلاٹی، سابق ارکان پارلیمنٹ خالد محمود اور لارس رائز سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
استقبالیے کے دوران پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکا نے موجودہ علاقائی اور عالمی چیلنجز کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں ممالک کی پارلیمانی کمیٹیوں کے سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل رابطوں، باہمی افہام و تفہیم اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے ساتھ عالمی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
قبل ازیں حنا ربانی کھر نے اوسلو میں منعقدہ ایکوینور آٹم کانفرنس کے اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں شرکت کی۔
کانفرنس کا موضوع ’نئی جغرافیائی سیاست اور پرانی حقیقتوں کا خاتمہ‘ تھا۔
مباحثے کے دوران اس امر کا جائزہ لیا گیا کہ جغرافیائی سیاسی تنازعات، سٹریٹجک مسابقت اور ابھرتی ہوئی عالمی حقیقتوں کے تناظر میں بین الاقوامی اتحادوں، عالمی تجارت اور معاشی باہمی انحصار سے متعلق دیرینہ تصورات کس طرح ازسرنو تشکیل پارہے ہیں۔
یورپین کونسل آن فارن ریلیشنز کے ڈائریکٹر مارک لیونارڈ بھی ممتاز پینلسٹس میں شامل تھے، جبکہ پاکستانی سفیر عاصم علی خان نے بھی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کی۔
سیاسی، سفارتی، کاروباری اور پالیسی ساز حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد کی شرکت سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس بین الاقوامی نظام کے مستقبل پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔ ناروے کے وزیراعظم نے کانفرنس میں کلیدی خطاب کیا۔
علاوہ ازیں حنا ربانی کھر نے اوسلو میں وزارت خارجہ کے دفتر میں ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ آئڈ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور بدلتے ہوئے عالمی جغرافیائی سیاسی منظرنامے پر تعمیری اور وسیع البنیاد تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر گفتگو کی اور موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔