Pakistan

وائرل مواد سے مالی فوائد حاصل کرنے کی دوڑ نے سوشل میڈیا پر منفی رجحانات کو فروغ دیا، عطا تارڑ

وائرل مواد سے مالی فوائد حاصل کرنے کی دوڑ نے سوشل میڈیا پر منفی رجحانات کو فروغ دیا، عطا تارڑ
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر منفی رجحانات کو تقویت مل رہی ہے۔

 

اسلام آباد میں ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ’انٹرنیشنل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اینڈ ٹروتھ ایرا‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کے واقعات ایک سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ وائرل ہونے والے مواد کو مالی فوائد سے منسلک کرنے کے باعث سوشل میڈیا پر منفی رجحانات کو فروغ مل رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خواتین کی عزت، وقار اور نجی زندگی کے تحفظ میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پر انتہا پسندانہ نظریات اور کالعدم تنظیموں کے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔

 

عطا تارڑ نے کہا کہ ٹک ٹاک پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد پر اے آئی لیبل لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میں مثبت اور تعمیری مواد تخلیق کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں