Pakistan

این سی سی آئی اے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز، وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی

این سی سی آئی اے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز، وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ادارے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

 

سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ادارے کی تنظیم نو سے متعلق مختلف سفارشات بھی پیش کی گئیں۔

 

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے لیے میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سائبر جرائم کے حوالے سے قومی سلامتی کے لیے مخصوص نظام فعال ہوچکا ہے، جبکہ موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کے مقدمات کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ادارے کو مؤثر، فعال اور جدید بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

 

وزیراعظم نے این سی سی آئی اے اور اس کے ذیلی دفاتر میں میرٹ کی بنیاد پر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین تعینات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم نو کے دوران اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ سائبر جرائم کے زیر التوا مقدمات کے جلد حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

 

وزیراعظم نے ادارے کی تنظیم نو سے متعلق سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات بھی جاری کیے۔

 

محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں