امریکا میں طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، 2 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک
امریکی ریاست مسیسیپی کے ساحل کے قریب ایک چھوٹا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 4 بالغ افراد اور 2 کم عمر بچے سوار تھے، تمام افراد کی لاشیں طیارے کے ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق سنگل انجن سیسنا 210 طیارے نے نیو اورلینز کے لیک فرنٹ ایئرپورٹ سے فلوریڈا کے شہر فورٹ مائرز کے لیے پرواز کی تھی۔ پرواز کے تقریباً 30 منٹ بعد طیارہ غیر معمولی تیزی سے بلندی کھونے لگا اور 10 ہزار فٹ فی منٹ کی رفتار سے نیچے آنے لگا۔
موبائل کے ریجنل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کا دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے بعد امریکی کوسٹ گارڈ سمیت مقامی، ریاستی اور وفاقی اداروں نے سرچ آپریشن شروع کیا۔
تقریباً 2 گھنٹے بعد ہارن آئی لینڈ سے 2 میل شمال مشرق میں طیارے کا ملبہ مل گیا، تاہم ابتدائی طور پر مسافروں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
بعد ازاں مسیسیپی ڈیپارٹمنٹ آف میرین ریسورسز کے غوطہ خوروں نے طیارے کے مرکزی حصے سے تمام 6 افراد کی لاشیں برآمد کرلیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے دونوں بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
طیارہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔