آبنائے ہرمز میں نگرانی سخت، جہازوں کے لیے ایرانی فوج سے رابطہ لازمی قرار دے دیا گیا
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نیا نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کی جنگی تیاریوں میں ماضی کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں نگرانی اور کنٹرول کا نظام مزید سخت کردیا گیا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نیا نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب سمیت تمام مسلح افواج کی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا جارہا ہے۔ آرمی چیف جنرل حاتمی کی ہدایت پر آبنائے ہرمز میں نگرانی اور کنٹرول کا نظام سخت کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کے لیے جہازوں کو ایرانی مسلح افواج سے لازمی رابطہ کرنا ہوگا۔ آبنائے ہرمز میں نئے جنگی نظام متعارف کرائے گئے ہیں، جبکہ موجودہ دفاعی نظاموں کو بھی جدید بنایا جارہا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز کی نگرانی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور یہ عمل پوری قوت سے جاری رہے گا۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف فوجی، سیاسی اور اقتصادی دباؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ایران کے خلاف دشمن کی کارروائیوں کے مقاصد صرف جوہری پروگرام، علاقائی معاملات اور میزائل پروگرام تک محدود نہیں تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ثابت قدمی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں۔ امریکا ایک طاقتور ایران کے خلاف فوجی، سیاسی اور اقتصادی محاذوں پر بیک وقت دباؤ ڈال رہا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف دشمن کی ہائبرڈ جنگ بدستور جاری ہے، جس میں فوجی، سیاسی اور معاشی دباؤ سمیت تمام حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔