Breaking News

پشاور میں تعیناتی کی خواہش، خیبرپختونخوا میں 40 ڈاکٹرز مستعفی

پشاور میں تعیناتی کی خواہش، خیبرپختونخوا میں 40 ڈاکٹرز مستعفی
۱ منٹ پہلے

خیبرپختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ اضلاع میں سرکاری صحت مراکز کے لیے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی دستیابی بڑا چیلنج بن گئی ہے۔

 

حال ہی میں بھرتی ہونے والے ڈاکٹروں نے دور دراز اضلاع میں تعیناتی کے بعد سرکاری ملازمت چھوڑنا شروع کردی ہے اور اب تک 40 میڈیکل افسران استعفے دے چکے ہیں۔ طبی عملے کی کمی کے باعث بعض ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جارہا ہے۔

 

محکمہ صحت نے ملازمت چھوڑنے والے ڈاکٹروں کے استعفوں کی منظوری کا اعلامیہ رواں ماہ جاری کیا۔ اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ 8 ڈاکٹروں نے ضلع بنوں کے صحت مراکز سے استعفے دیے، جبکہ نوشہرہ میں تعینات 5 ڈاکٹروں نے سرکاری ملازمت چھوڑ دی۔

 

کوہاٹ، پشاور اور ملاکنڈ میں 3، 3 ڈاکٹر مستعفی ہوئے، جبکہ باجوڑ، ڈیرہ اسماعیل خان، لوئر کوہستان، ایف آر کوہاٹ، مانسہرہ، لوئر دیر اور سوات میں 2، 2 ڈاکٹروں نے استعفے جمع کرائے۔

 

چارسدہ، اپر کرم، اورکزئی اور اپر دیر میں تعینات ایک، ایک ڈاکٹر نے بھی سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دیا۔

 

بنوں میں تعینات 8 ڈاکٹروں نے یکم ستمبر 2026 کو استعفے جمع کرائے، جبکہ نوشہرہ کے 5 ڈاکٹروں نے 7 سے 30 ستمبر کے دوران استعفے دیے۔ کوہاٹ میں تعینات 3 ڈاکٹروں نے 15، 20 اور 27 اگست کو ملازمت چھوڑی۔

 

پشاور میں تعینات ڈاکٹروں نے 22 اور 29 اگست اور 2 ستمبر کو استعفے دیے، جبکہ ملاکنڈ کے 3 ڈاکٹروں نے یکم اور 9 ستمبر کو سرکاری ملازمت چھوڑی۔

 

باجوڑ میں تعینات 2 ڈاکٹروں نے 10 اور 24 اگست، ڈیرہ اسماعیل خان کے 2 ڈاکٹروں نے 11 اور 20 اگست، جبکہ لوئر کوہستان کے 2 ڈاکٹروں نے 17 اور 22 ستمبر کو استعفے جمع کرائے۔ ایف آر کوہاٹ میں تعینات 2 ڈاکٹروں نے 28 اگست اور 15 ستمبر کو ملازمت سے استعفیٰ دیا۔

 

مانسہرہ کے 2 ڈاکٹروں نے 14 اور 16 ستمبر، لوئر دیر کے 2 ڈاکٹروں نے 25 اور 31 اگست، جبکہ سوات میں تعینات دونوں ڈاکٹروں نے بھی 25 اور 31 اگست کو ملازمت چھوڑ دی۔

 

چارسدہ میں تعینات ڈاکٹر نے 3 ستمبر، اپر کرم اور اورکزئی کے ڈاکٹروں نے یکم ستمبر، جبکہ اپر دیر میں تعینات ڈاکٹر نے 17 ستمبر 2026 کو استعفیٰ دیا۔

 

پروونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر سلیم خان یوسفزئی کے مطابق صوبے کے بعض اضلاع میں تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتر دستیابی کے باعث ڈاکٹرز وہاں تعیناتی کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ دور دراز اور پسماندہ اضلاع میں اہل خانہ کو ساتھ رکھنا ان کے لیے مشکل ہوتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہر ڈاکٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی تعیناتی پشاور میں ہو، یہی وجہ ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے سرکاری صحت مراکز میں ڈاکٹروں کی تعداد نسبتاً زیادہ ہے۔

 

ان کے مطابق ماضی میں بھی متعدد ڈاکٹروں نے دور دراز اضلاع میں تبادلوں کے بعد سرکاری ملازمت سے استعفے دے کر نجی ہسپتالوں میں کام شروع کردیا تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں