ذیشان علی کا تاریخی خلائی سفر، خصوصی ملی نغمہ جاری
وزارت اطلاعات و نشریات نے چینی خلائی مشن ’شین زو 24‘ کے ذریعے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی خلا میں روانگی کے تاریخی موقع پر خصوصی ملی نغمہ جاری کردیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خصوصی ملی نغمے کی ویڈیو شیئر کی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی خلا میں روانگی کے تاریخی موقع پر جاری کیا گیا خصوصی ملی نغمہ قومی امنگوں، عزم اور پاک چین دوستی کے لازوال رشتے کا خوبصورت اظہار ہے۔
’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘ کے پیغام کے ساتھ ملی نغمے میں پاک چین دوستی کے زمینی سرحدوں سے نکل کر خلا کی وسعتوں تک پہنچنے کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ملی نغمے میں پاک چین دوستی کے لازوال رشتے اور خلائی تحقیق کے میدان میں دونوں ممالک کے تعاون کو نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ نغمے کا مرکزی خیال اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاک چین دوستی اب خلا کی وسعتوں کو چھو رہی ہے۔
یہ نغمہ ’اس خواب کو اب ہے جینا، صدیوں سے ہے دل کی ہے صدا، آندھی ہو یا آئے طوفان، رگوں میں صرف دوڑے جنون یہ جیت کا‘ کے ولولہ انگیز بولوں پر مشتمل ہے۔
ملی نغمے میں ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتوں کے مناظر بھی شامل ہیں۔
ذیشان علی کی چین میں خلائی مشن کے لیے تربیت کے مختلف مراحل، مشن کی تیاریوں اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کی جھلکیاں بھی خصوصی ملی نغمے میں نمایاں کی گئی ہیں۔
ملی نغمے میں پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی گفتگو بھی شامل ہے۔
خصوصی ملی نغمہ خلائی تحقیق کے نئے افق کی جانب پاکستان کے سفر، قومی امنگوں اور پاک چین دوستی کی مضبوطی کا اظہار ہے۔