Business

پاکستان اور اٹلی کا ماربل انڈسٹری جدید بنانے، برآمدات بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور اٹلی کا ماربل انڈسٹری جدید بنانے، برآمدات بڑھانے پر اتفاق
۱ منٹ پہلے

پاکستان اور اٹلی نے ماربل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

 

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کامرس، صنعت و پیداوار رانا احسان افضل کی زیر صدارت اطالوی وفد کے ساتھ اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری صنعت احسان علی منگی، ایڈیشنل سیکرٹری حمیرا ضیا مفتی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سٹون ڈیولپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 

اجلاس میں پاکستان کی ماربل انڈسٹری کی ترقی، جامع ماربل پالیسی کی تشکیل، کان کنی کے جدید طریقوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری، پیداواری صلاحیت اور برآمدات بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

رانا احسان افضل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت ماربل انڈسٹری کو جدید بنانے اور اس کی برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع اور قابل عمل ماربل پالیسی تیار کی جارہی ہے۔ جدید مشینری، کان کنی کے جدید طریقوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے اس شعبے کی استعداد بڑھائی جاسکتی ہے۔

 

رانا احسان افضل کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح خام مال کی برآمد کے بجائے اعلیٰ معیار کی ویلیو ایڈڈ ماربل مصنوعات کی تیاری اور برآمدات کو فروغ دینا ہے، جس سے زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

 

اطالوی وفد نے پاکستان کے ماربل سیکٹر میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد کار بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

 

اجلاس میں دونوں ممالک نے جدید ٹیکنالوجی، فنی مہارت، پروسیسنگ اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں