قومی مکالمے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھیں، پرویز الٰہی اور اسد قیصر کا اتفاق
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ کے لائحہ عمل اور اپوزیشن کے کردار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں نے ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی چیلنجز کا جائزہ لیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ قومی مکالمے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا چاہیے۔
ملاقات میں پرویز الٰہی اور اسد قیصر نے جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کو ان تک فوری اور بلا تعطل رسائی فراہم کی جائے۔
اسد قیصر نے کہا کہ دوران قید طبی سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی آئینی اور قانونی حق ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کی سینئر قیادت کو فوری علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ اسد قیصر نے ملک بھر کی جیلوں میں قید پی ٹی آئی کارکنوں کی رہائی پر زور دیا۔
ملاقات میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، قانونی محاذ پر جاری کوششوں اور سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئندہ کے لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے دیگر رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ملاقات میں میئر صوابی عطا اللہ، ارکان پنجاب اسمبلی سردار راشد طفیل اور میاں حنبل، ثنا کریمی، سابق رکن پنجاب اسمبلی وقاص حسن موکل، پی ٹی آئی رہنما سردار نادر فاروق اور بیرسٹر شاہد مسعود بھی شریک تھے۔