عالمی مقابلہ حسن قرأت میں مراکش فاتح، پاکستان کی دوسری پوزیشن
عالمی مقابلہ حسن قرأت میں مراکش کے قاری الیاس لمہاؤق نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی، پاکستان کے قاری عبدالقدوس الباز دوسرے جبکہ انڈونیشیا کے قاری دانیال محمد خبیب اللہ تیسرے نمبر پر رہے۔
عالمی مقابلہ حسن قرأت کے آخری روز 32 قراء کی تلاوت کے بعد بہترین 8 قراء کو گرینڈ فائنل کے لیے منتخب کیا گیا، جن کے درمیان سیمی فائنل مقابلے ہوئے۔
منتخب ہونے والے 8 قراء کا تعلق مراکش، پاکستان، ایران، ملائیشیا، انڈونیشیا، عراق، فلپائن اور بنگلہ دیش سے تھا۔
تلاوت کے مقابلے مکمل ہونے کے بعد پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کا اعلان کیا گیا۔ چیف جج قاری سید صداقت علی کی سربراہی میں ایران اور مصر کے ججز پر مشتمل پینل نے پوزیشن حاصل کرنے والے قراء کا انتخاب کیا۔
مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کے لیے 50 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کے لیے 30 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کے لیے 20 لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔