وزیراعظم سے حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات، پٹرولیم لیوی میں کمی پر مذاکرات
وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے وفود کے درمیان پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں کمی کے حوالے سے مذاکرات ہوئے، جبکہ جماعت اسلامی نے گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا معاملہ بھی وزیراعظم کے سامنے اٹھایا۔
حکومتی وفد میں اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، علی پرویز ملک، رانا ثنا اللہ اور بلال اظہر کیانی شامل تھے، جبکہ جماعت اسلامی کے وفد میں لیاقت بلوچ، فراست علی شاہ اور عنایت اللہ خان شامل تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، جماعت اسلامی نے پرامن تحریک چلائی، ہماری اور حکومتی کمیٹیوں نے مشترکہ طور پر معاہدے کا مسودہ تیار کیا تھا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے آج بتایا کہ 2 کروڑ افراد ریلیف پیکیج سے مستفید ہورہے ہیں، عوام کو ریلیف مل رہا ہے، جبکہ گاڑیوں کے لیے ریلیف کا دائرہ 800 سی سی سے بڑھا کر 1000 سی سی تک کردیا گیا ہے۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے، تاہم جماعت اسلامی اپنے کئی مطالبات پر بدستور قائم ہے، اگلے لائحہ عمل کا اعلان 29 نومبر کو مینار پاکستان میں کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہماری مذاکراتی کمیٹی نے بہترین کام کیا ہے، حکومت کے اعلان کردہ ریلیف پیکیج میں 2 کروڑ افراد شامل ہوچکے ہیں اور لوگوں کو مؤثر انداز میں ریلیف مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ریلیف بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے، جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین کاشت کرنے والے کسانوں کو ٹریکٹرز پر بھی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم لیوی میں کمی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، لیوی پر ونڈ فال کا اثر 80 روپے سے کم ہوکر 63 روپے تک آگیا ہے۔ لیوی سے متعلق ورکنگ آئندہ بجٹ تک مکمل کرلی جائے گی اور اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہیں بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تسلیم کرلیا ہے کہ سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے زائد گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی، جبکہ آئی پی پیز سے متعلق نکات بھی معاہدے میں شامل کروائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کے نتیجے میں بجلی کے بلوں میں 25 فیصد کمی ہوئی، جبکہ 2 سال کے دوران بجلی کے بلوں میں مجموعی طور پر 30 فیصد کمی ہوئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے معاہدے پر اتفاق کیا ہے، تاہم کئی دیگر مطالبات پر بھی قائم ہیں۔ عمل درآمد کمیٹی معاہدے پر نظر رکھے گی، ہم گھر نہیں بیٹھیں گے، ایک ریلیف حاصل کرنے کے بعد دوسرے ریلیف کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرے گی اور سود کے خاتمے کی جانب اقدامات کیے جائیں گے، بینکوں کے سود کے خلاف بھی سڑکوں پر نکلیں گے۔
ملک میں مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں گندم مسلسل مہنگی ہوتی جارہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 4 مطالبات تسلیم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں، اگلے لائحہ عمل کا اعلان مینار پاکستان میں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ 29 نومبر کو لاہور میں تاریخی جلسہ ہوگا، ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا خاتمہ ہو۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میڈیا مالکان بھی میڈیا ورکرز کو ان کے حقوق فراہم کریں، بلوچستان کے حالات بھی سب کے سامنے ہیں۔
قبل ازیں حکومت اور جماعت اسلامی کے وفود کے درمیان ملاقات ہوئی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی سربراہی میں وفد میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سید فراست علی شاہ، عنایت اللہ خان اور دیگر رہنما شامل تھے۔
حکومتی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احسن اقبال، علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے۔