Pakistan

معاشی بحران مزید سنگین ہوسکتا ہے، جمہوری ری سیٹ کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو

معاشی بحران مزید سنگین ہوسکتا ہے، جمہوری ری سیٹ کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو
۱ منٹ پہلے

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی بحران میں جلد بہتری کے آثار نظر نہیں آرہے، پاکستان کو مزید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، عالمی سطح پر بھی حالات جلد بہتر ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔

 

ملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں اور محنت کشوں کو ان کی محنت کا صلہ نہیں مل رہا۔ سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے کام کریں، ہمیں نظام کو اس قابل بنانا ہوگا کہ وہ موجودہ حالات کا مقابلہ کرسکے۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ سسٹم کا ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو نظام کی بحالی کے حوالے سے بحث کرنی چاہیے۔ اگر پارلیمان کو فعال بنانا ہے تو ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں ہی ہونے چاہئیں، پارلیمان سے باہر ہونے والے فیصلے حتمی نہیں ہوتے۔

 

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جب اس سے پہلے ملتان آیا تھا تو پورا پنجاب قدرتی آفت سے گزر رہا تھا، سیلاب کے دوران پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے پنجاب کے عوام کا ساتھ دیا، پیپلزپارٹی ہمیشہ مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ آج پورا پاکستان ایک معاشی آفت سے گزر رہا ہے، جس معاشی بحران کا آج سامنا ہے، زندگی میں ایسے حالات نہیں دیکھے۔ سیاست دانوں کا کام عوام سے سچ بولنا اور انہیں زمینی حقائق سے آگاہ کرنا ہے۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر ہم واقعی چاہتے ہیں کہ سسٹم عوام کی خدمت کرے تو فوری اقدامات کرنا ہوں گے، موجودہ حالات میں ری سیٹ کی ضرورت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک میں ری سیٹ کی بحث میں نے شروع نہیں کی، اگر ملک کا نظام مفلوج ہوچکا ہے تو اس کی وجہ کیا ہے؟ سسٹم کیسے کولیپس ہوا، خودبخود ہوا یا سیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہوا؟ جب تک اس کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاتا، نظام کو بحال نہیں کیا جاسکتا۔ 1973 کا آئین خودبخود کولیپس نہیں ہوا بلکہ اسے بار بار کولیپس کروایا گیا۔

 

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جو طاقت 18ویں ترمیم میں ہے وہ کسی دوسری ترمیم میں نہیں، اگر کوئی چیز ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے تو وہ 1973 کا آئین ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ احتساب کا نظام ہمیشہ سیاسی مخالفین کے لیے بنایا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ میں الگ الگ رائے نہیں رکھتی، تمام صوبوں کے حوالے سے ہماری جماعت کا مؤقف یکساں ہے۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب اسمبلی جو فیصلہ کرے گی میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا اور سندھ اسمبلی کے فیصلے کے ساتھ بھی کھڑا ہوں گا۔ پنجاب اسمبلی میں صوبے کے حوالے سے قرارداد مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران منظور ہوئی تھی۔

 

انہوں نے کہا کہ جمہوری، آئینی اور پارلیمانی طریقہ اختیار کیا جائے تو ان دو نکات پر سیاسی اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔ سندھ اسمبلی میں سندھ کی تقسیم سے متعلق قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی طریقہ کار اپنانے سے نہ ریفرنڈم کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی کوئی متنازع اقدام کرنا پڑے گا۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں، پنجاب کے چار ٹکڑے کرنے کی بات میں نے کبھی نہیں سنی۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم میں سچ سننے اور اختلاف رائے برداشت کرنے کی ہمت ہونی چاہیے، میری پریس کانفرنس کے بعد سامنے آنے والا ردعمل مناسب نہیں تھا، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش کروانا ممکن نہیں۔ سیاست میں خون بہانے کی بات کرنا کبھی ہمارا طریقہ نہیں رہا، ہم خون دینے والے ہیں، ہمارا خون بہایا جاتا ہے۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کو جن حالات کا سامنا کرنا پڑا، لاہور کو ایسے حالات نہیں دیکھنا پڑے، طویل عرصے بعد ہم نے کراچی میں امن قائم کیا۔ سندھ کی سیاست میں پیپلزپارٹی کو روکنے کے لیے نفرت کا بیج بویا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ میں خبردار نہیں کررہا تھا بلکہ خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا۔ قوم پرست جماعتوں نے جس دن احتجاج کا اعلان کیا، ایم کیو ایم نے اسی دن جلسے کا فیصلہ کیا، اب دوسرا جلسہ اس دن رکھا جارہا ہے جب سندھ میں کلچر ڈے منایا جائے گا۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جان بوجھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

 

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم کا ہاتھ مضبوط کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے اور سندھ کا بلدیاتی نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں