Entertainment

اننت امبانی کے ساتھ وائرل ویڈیو پر شاہ رخ خان کا سوشل میڈیا انفلوئنسر کو قانونی نوٹس

اننت امبانی کے ساتھ وائرل ویڈیو پر شاہ رخ خان کا سوشل میڈیا انفلوئنسر کو قانونی نوٹس
۱ منٹ پہلے

بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے معاملے پر سوشل میڈیا انفلوئنسر کو قانونی نوٹس ارسال کردیا۔

 

ویڈیو میں شاہ رخ خان اور اننت امبانی کے درمیان گفتگو دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکار کو خاموش رہنے کے لیے کہا گیا۔ شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے ان الزامات کو بے بنیاد، گمراہ کن اور ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق سوویگیا شرما نامی سوشل میڈیا صارف کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ریل میں اننت امبانی کی سادھ گرو اور شاہ رخ خان کے ساتھ گفتگو کے الگ الگ کلپس شامل تھے۔

 

ویڈیو کے کیپشن میں یہ تاثر دیا گیا کہ گفتگو کے دوران شاہ رخ خان کو خاموش رہنے کے لیے کہا گیا تھا۔ مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس کے بعد مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔

 

23 نومبر کو جاری کیے گئے قانونی نوٹس میں شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے ویڈیو کے مواد کو بدنیتی پر مبنی، گمراہ کن اور اداکار کی شہرت کو نقصان پہنچانے والا قرار دیا۔

 

نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ویڈیو کا کیپشن جان بوجھ کر اصل سیاق و سباق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور اداکار کی ساکھ کو مجروح کرنے کی نیت سے لکھا گیا۔

 

قانونی ٹیم کے مطابق بغیر کسی ثبوت کے ایسے جھوٹے دعوے پھیلانے سے اداکار کی عوامی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

 

قانونی نوٹس میں انفلوئنسر کو 48 گھنٹوں کے اندر متنازع ویڈیو انسٹاگرام سے ہٹانے، اس سے متعلق تمام گمراہ کن کیپشنز اور بیانات حذف یا درست کرنے اور مستقبل میں اس دعوے کو مزید پھیلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

انفلوئنسر کو اصل ویڈیو اور اس کی اشاعت سے متعلق تمام ریکارڈ محفوظ رکھنے اور قانونی مطالبات پر عمل درآمد کی تحریری تصدیق فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

 

دوسری جانب قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد سوشل میڈیا انفلوئنسر نے ایک اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے اعتراضات کا جواب دیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ویڈیو میں کیے گئے تبصرے آزادی اظہار رائے کے دائرے میں آتے ہیں۔

 

انفلوئنسر نے سوال اٹھایا کہ مبینہ طور پر شاہ رخ خان کو خاموش رہنے کے لیے کہنے والے شخص نے کیا اداکار کی توہین نہیں کی؟ یا اداکار میں یہ کہنے کی ہمت نہیں کہ ان کی توہین ہوئی ہے، جبکہ بظاہر الزام ہم پر لگایا جارہا ہے کہ ہم نے ان کی توہین کی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں