Breaking News

جعلی ادویات کی روک تھام، وزیراعظم نے ’محفوظ دوا‘ ایپ کا اجرا کردیا

جعلی ادویات کی روک تھام، وزیراعظم نے ’محفوظ دوا‘ ایپ کا اجرا کردیا
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ادویات کی اصلیت جانچنے کے لیے ’محفوظ دوا‘ ایپلی کیشن کا باقاعدہ اجرا کردیا۔ وزیراعظم نے ایپ کے ذریعے دوا کا پیکٹ سکین کرکے اس کی اصلیت کی تصدیق بھی کی۔

 

ادویات کی ٹریکنگ کے لیے وزارت قومی صحت کی ’محفوظ دوا‘ ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ پاکستان میں طبی سہولتوں کے فروغ کے حوالے سے شاندار اقدام ہے، جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لیے اہم ڈیجیٹل قدم اٹھایا گیا ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ 2010-11 میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی تین لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے، جنہوں نے تصدیق کی کہ مریضوں کو دی گئی ادویات دل کی نہیں بلکہ ملیریا کی تھیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق کے حوالے سے سنگین غفلت سامنے آئی، ماضی کے واقعات سے سبق سیکھ کر عوامی خدمت کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ محفوظ دوا ایپ بنانے پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور سی ای او ڈریپ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے محفوظ دوا منصوبے میں تعاون کرنے والی وزارتوں، اداروں اور فارما انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے تعاون سے اس منصوبے کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ محفوظ دوا ایپ کے ذریعے ادویات کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی معلوم کی جاسکے گی۔ ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق ہونی چاہئیں، پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے لیے ادویات کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شہری کے لیے یکساں ہونی چاہئیں، قائداعظم کا وژن بھی سب کے لیے تعلیم اور صحت کی یکساں سہولیات کی فراہمی تھا۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ محفوظ دوا منصوبہ عوامی تحفظ اور صحت کے نظام پر اعتماد کی بحالی کے لیے اہم قدم ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں