آسٹریلوی سینیٹر کی 6 ماہ کی بیٹی کو گود میں اٹھا کر تقریر، ویڈیو وائرل
آسٹریلوی سینیٹر فاطمہ پے مین نے اپنی 6 ماہ کی بیٹی عالیہ کو گود میں اٹھا کر پارلیمنٹ میں تقریر کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
25 نومبر کو آسٹریلوی سینیٹ کے اجلاس میں فاطمہ پے مین اپنی بیٹی کے ہمراہ ایوان میں پہنچیں اور ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر سے متعلق قانون سازی پر بحث کے دوران بچی کو گود میں اٹھائے خطاب کرتی رہیں۔
اس دوران ایوان کا ماحول اس وقت خوشگوار ہوگیا جب دیگر سینیٹرز ننھی عالیہ کو دیکھ کر مسکرانے لگے۔ فاطمہ پے مین کے پیچھے بیٹھی آزاد سینیٹر لیڈیا تھورپ بھی بچی کے ساتھ کھیلتی رہیں، جبکہ فاطمہ پے مین نے اپنی تقریر جاری رکھی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ فاطمہ پے مین اپنی بیٹی کو پارلیمنٹ لے کر آئی ہیں۔ اس سے قبل 8 ستمبر 2026 کو بھی انہیں سینیٹ کے اجلاس میں اپنی بیٹی کو گود میں اٹھائے دیکھا گیا تھا۔
فاطمہ پے مین کو آسٹریلوی پارلیمانی تاریخ میں مغربی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی پہلی ایسی سینیٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے جنہوں نے اپنے عہدے پر فائز رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا۔ وہ آسٹریلیا کی پہلی حجاب پہننے والی وفاقی رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔
فاطمہ پے مین مختلف مواقع پر پارلیمنٹ میں زچگی، بچے کی پیدائش کے بعد صحت یابی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی جانب واپسی میں درپیش مشکلات پر بھی اظہار خیال کرچکی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ماں بننا ایک خوشگوار تجربہ ہے، تاہم اس کے ساتھ کئی مشکلات بھی جڑی ہیں۔ خواتین کو خاندانی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔