Pakistan

مولانا فضل الرحمان کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

مولانا فضل الرحمان کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
۱ منٹ پہلے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلسے پر پابندی، کارکنوں کی گرفتاریوں اور پارٹی قیادت کی مبینہ نظر بندی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔

 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 26 نومبر کو سرگودھا کانفرنس کا اعلان بدستور برقرار ہے، میں بہرحال پُرعزم ہوں اور ان شاء اللہ سرگودھا کے لیے روانہ ہورہا ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ لاہور میں میری رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینر کھڑے کرکے میری نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔

 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سرگودھا جانے والے تمام راستے مسدود کردیے گئے ہیں، موٹروے بند ہے اور سرگودھا شہر میں کرفیو کا سماں ہے، جبکہ جلسہ گاہ پر فورسز نے قبضہ کر رکھا ہے۔

 

سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ سرگودھا اور خوشاب میں پارٹی کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، جبکہ راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک مختلف اضلاع میں گرفتاریاں جاری ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری نظر بند ہیں، جبکہ پنجاب کے صوبائی امیر کو بھی خوشاب میں نظر بند کردیا گیا ہے۔

 

مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ سرگودھا میں ہمارے ضلعی امیر کے وکیل بیٹے کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہمیں جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جارہا ہے اور ایک جلسہ کرنے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی؟

 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کارکنوں کی گرفتاریاں اور ان پر تشدد کسی قیمت پر قابل قبول نہیں، جلسے پر پابندی، کارکنوں کی گرفتاریوں اور قیادت کی نظر بندی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

 

انہوں نے ملک بھر کے عوام اور پارٹی کارکنوں سے پُرامن احتجاج کے لیے گھروں سے نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کوہستان اور چترال سے بدین، تربت، مکران اور چمن تک احتجاج ہوگا۔

 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ناجائز اور آمرانہ حربوں کے خلاف اپنا جمہوری احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، ان شاء اللہ کامیابی ہماری ہوگی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں