قیمتی پتھروں کی برآمدات بڑھانے کیلئے عالمی معیار کی لیبارٹریز قائم کرنے کا حکم
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں پاکستان میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، مکمل ویلیو چین کے قیام اور برآمدات میں اضافے کے لیے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے حوالے سے وسیع استعداد موجود ہے، حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کررہی ہے۔
شہباز شریف نے قیمتی پتھروں کی شناخت اور سرٹیفکیشن کے لیے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کا قیام یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے لیے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کے لیے بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ کو متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفرا کے ذریعے مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ رب العزت نے پاکستان کو قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر سے مالا مال کیا ہے، تاہم کان کنی کے فرسودہ طریقہ کار کے باعث اس بیش قیمت دولت کا ضیاع ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی، قیمتی پتھروں کی مکمل ویلیو چین کے قیام کی جانب مثبت پیش رفت خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام اور اصلاحات میں معاونت پر معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور ان کی ٹیم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن کا تخمینہ تقریباً 30 کروڑ قیراط ہے۔ ملک میں 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے قیمتی پتھروں کی کان کنی سے وابستہ ہیں، جبکہ اس شعبے سے منسلک کاروباروں کی تعداد 5 ہزار 500 سے زائد ہے۔
تاہم خام قیمتی پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زائد ضیاع، جدید مہارتوں کی کمی اور ویلیو ایڈیشن کے محدود مواقع اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے۔
اجلاس کو قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے 4 ارب 10 کروڑ روپے کا منصوبہ، 80 بینکنگ سہولت ڈیسک کا قیام، ارضیاتی نقشہ سازی، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے اقدامات جاری ہیں۔
قومی پالیسی برائے قیمتی پتھر 2026 سے 2030 پر عمل درآمد بھی شروع کیا جاچکا ہے۔
ان اصلاحات میں آزادانہ ریگولیٹری اور نیشنل وارنٹی نظام کا قیام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی، مشینری کی درآمد پر ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ، جدید تربیت، مقامی منڈیوں کی ترقی اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے کان کنی سے تیار مصنوعات تک مکمل ویلیو چین کا قیام شامل ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔