Pakistan

سندھ کی تقسیم کی کوئی کوشش عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مراد علی شاہ

سندھ کی تقسیم کی کوئی کوشش عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مراد علی شاہ
۹ گھنٹے پہلے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کو عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 

وزیراعلیٰ سندھ سے 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی ترقی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی قیادت میجر جنرل محمد رضا کررہے تھے۔ ورکشاپ کے 105 سے زائد شرکا میں 25 خواتین بھی شامل تھیں۔ ملاقات میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نجم شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

 

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے سندھ کی تقسیم کی کوششوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2005 میں حیدرآباد ڈویژن کو چار اضلاع میں تقسیم کرنے سے بھی انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئی تھیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں ترقی، سرمایہ کاری اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

 

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ 2013 میں کراچی دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا، تاہم اب صورتحال بہتر ہونے کے بعد شہر اس درجہ بندی میں 138ویں نمبر پر آگیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کراچی کے حوالے سے منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر کراچی پسماندہ شہر ہوتا تو لوگ یہاں آکر کیوں آباد ہوتے؟ کراچی میں روزگار اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

 

کراچی میں حالیہ عمارت گرنے کے سانحے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جس پر حکومت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو عہدوں سے ہٹادیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایس بی سی اے میں بامعنی اور مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ ادارے کی افرادی قوت، مہارت اور کارکردگی کا جامع آڈٹ کرانے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

 

عمارتوں کے نقشوں کی منظوری اور این او سی کے اجرا کے لیے تھرڈ پارٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں