انتخابات میں مداخلت ملکی مسائل کی بنیادی وجہ ہے، شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انتخابات میں مداخلت ملکی مسائل کی بنیادی وجہ ہے، عوام کی رائے کا احترام مسائل کے حل کی جانب پہلا قدم ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات سب کے سامنے ہیں، ملکی معاملات درست انداز میں نہیں چل رہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کی ابتدا عوام کی رائے کے احترام سے ہوتی ہے، لیکن ملک میں عوامی رائے کو اہمیت نہیں دی جارہی۔
سابق وزیراعظم نے انتخابات میں مداخلت کو ملکی مسائل کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2018 اور 2024 کے انتخابات اس کی مثالیں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو آج بھی مناسب خوراک میسر نہیں اور وہ معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ حکمرانوں کو عوامی مسائل کی کوئی پروا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران وفاق کو بچانے کی جنگ میں مصروف ہیں، دوسری جانب صوبوں کے حوالے سے باتیں کی جارہی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر صوبوں سے متعلق کوئی منصوبہ یا خاکہ موجود ہے تو پہلے اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے، عوام کو بے وقوف بنانے کے بجائے اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے۔